اطالوی فضائیہ کا طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے سمندر میں جاگرا، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  پير 25 ستمبر 2017
طیارہ ڈائیو لگاتے ہوئے بے قابو ہوگیا اور ہیبت ناک چنگھاڑ کے ساتھ سمندر میں جاگرا۔ فوٹو: انٹرنیٹ

طیارہ ڈائیو لگاتے ہوئے بے قابو ہوگیا اور ہیبت ناک چنگھاڑ کے ساتھ سمندر میں جاگرا۔ فوٹو: انٹرنیٹ

روم: اطالوی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ کرتب دکھاتے دکھاتے سمندر میں جاگرا اور اس خوفناک منظر کو دیکھ کر ہزاروں تماشائیوں کی چیخیں نکل گئیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی کے شہر ٹیرانسیا کے ساحل پر یورو فائٹر لڑاکا طیارہ ائر شو کے دوران سمندر میں جاگرا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔ طیارہ سمندر میں گرتے ہی اطالوی بحریہ کی کشتیاں اور امدادی اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے تاہم پائلٹ زندہ نہ بچا اور اس کی لاش ہی سمندر سے باہر آئی۔

اس ائر شو کو دیکھنے کے لیے ساحل سمندر پر ہزاروں افراد موجود تھے جنہوں نے طیارہ سمندر میں گرنے کے خوفناک منظر کی ویڈیو ریکارڈ کرلی۔ طیارہ فریس ٹرائی کلر نامی کرتب دکھاتے ہوئے ڈائیو لگانے کے بعد دوبارہ فضا میں بلند نہ ہوسکا اور ہیبت ناک چنگھاڑ کے ساتھ سمندر میں گرا جس کے نتیجے میں کئی فٹ اونچی لہریں بلند ہوئیں جس کے ساتھ طیارے کے پرزے بھی ٹوٹ کر ہوا میں اڑے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ریاست مسیسیپی میں فوجی طیارہ گرکرتباہ، 16 اہلکارہلاک

یہ حادثہ اتنی تیزی سے رونما ہوا کہ 36 سالہ پائلٹ گبریل اورلینڈی کو بھی اپنی جان بچانے کے لیے کاک پٹ سے باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔ حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ حکام نے حادثہ کا سبب جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔