شین وارن برطانوی ماڈل پر تشدد کے الزام سے بری

اسپورٹس ڈیسک  پير 25 ستمبر 2017
پولیس نے مجھے ان الزامات سے بری کرنے کی تصدیق کی ہے اور مزید کوئی کارروائی نہیں ہوگی، شین وارن۔ فوٹو : فائل

پولیس نے مجھے ان الزامات سے بری کرنے کی تصدیق کی ہے اور مزید کوئی کارروائی نہیں ہوگی، شین وارن۔ فوٹو : فائل

 لندن: میٹرو پولیٹن پولیس نے سابق آسٹریلوی کرکٹر شین وارن کو ماڈل پر تشدد کے الزام سے بری کر دیا۔

ویلری فوکس کی جانب سے سوشل میڈیا پر تشدد کی تصاویر شیئر کرنے کے بعد لیگ اسپنر نے خود پولیس سے رابطہ کیا، انہیں پوچھ گچھ کے بعد بغیر کوئی الزام عائد کیے چھوڑ دیا گیا اور اس حوالے سے مزید کوئی کارروائی بھی نہیں ہوگی۔

48 سالہ سابق کرکٹر نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر چلنے والی خبروں میں مجھ پر الزامات دیکھ کر افسوس ہوا، پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی ہے اور عینی شاہدین سے بھی بات کی ہے۔ پولیس نے مجھے ان الزامات سے بری کرنے کی تصدیق کی ہے اور مزید کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ اب یہ معاملہ یہیں ختم ہوجانا چاہیے۔ اپنی سپورٹ کیلیے تمام پیغامات بھجوانے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔“

واضح رہے کہ قبل ازیں ویلری فوکس نے برطانوی براڈ کاسٹر اور سیاستدان نیگل فاریگ پر بھی الزام لگایا تھا کہ انہوں نے فلائٹ کے دوران ان سے نازیبا حرکات کیں جسے فاریگ نے مسترد کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔