حکومت سانحہ علمدار روڈ پرتوجہ دیتی تو ہزارہ ٹاؤن واقعہ نہ ہوتا، نوازشریف

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 فروری 2013
وزیراعلیٰ پنجاب کیس میں ذاتی طورپردلچسپی لے رہے،ڈاکٹرعلی حیدرکے قاتلوں کو کیفرکردارتک ضرور پہنچایا جائے گا، نواز شریف فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب کیس میں ذاتی طورپردلچسپی لے رہے،ڈاکٹرعلی حیدرکے قاتلوں کو کیفرکردارتک ضرور پہنچایا جائے گا، نواز شریف فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ(ن) کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت سانحہ علمدار روڈ پرتوجہ دیتی تو ہزارہ ٹاؤن سانحہ رونما نہ ہوتا۔

مسلم لیگ(ن) کے صدرنوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لاہورمیں ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق ہونے والے ڈاکٹرعلی حیدرکے گھر جا کران کے اہل خانہ سے تعزیت کی، اس موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ اس بے ہیمانہ قتل پرڈاکٹرعلی حیدر کے اہل خانہ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کیس میں ذاتی طورپردلچسپی لے رہے،ڈاکٹرعلی حیدرکے قاتلوں کو کیفرکردارتک ضرور پہنچایا جائے گا۔

اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ رحمان ملک پنجاب میں کارروائی کے لئے صوبائی حکومت کو ہدایت جاری کررہے ہیں میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کوئٹہ میں سیکڑوں بے گناہ مسلمانوں کوشہید کردیا گیا ، انہوں نےوہاں دہشت گردوں کے خلاف کیا کارروائی کی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرعلی حیدرکی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ ان کا بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں چل بسا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔