تیسرا ون ڈے: بے رحم انگلش اٹیک نے کیویز کی کھال اتاردی

اے ایف پی  اتوار 24 فروری 2013
آکلینڈ: تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں انگلش بیٹسمین جوناتھن ٹروٹ ریورس سوئپ شاٹ کھیلنے کیلیے تیار، عقب میں کیوی وکٹ کیپر برینڈن میک کولم گیند کے منتظر، انھوں نے 38 رنز اسکور کیے۔  فوٹو : اے ایف پی

آکلینڈ: تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں انگلش بیٹسمین جوناتھن ٹروٹ ریورس سوئپ شاٹ کھیلنے کیلیے تیار، عقب میں کیوی وکٹ کیپر برینڈن میک کولم گیند کے منتظر، انھوں نے 38 رنز اسکور کیے۔ فوٹو : اے ایف پی

آکلینڈ: تیسرے ون ڈے میں بے رحم انگلش اٹیک نے کیویز کی کھال اتار دی۔

5 وکٹوں سے فتح کے ساتھ سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کرلی، مہمان ٹیم نے 186 کا ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا، الیسٹر کک 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ٹم ساؤتھی نے 3 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 185 پر آؤٹ ہوگئی، برینڈن میک کولم کے 79 رنز بھی کسی کام نہ آئے، اسٹیون فن نے 3 جبکہ اسٹورٹ براڈ اور گریم سوان نے دودو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے تیسرے اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی ہے۔

اس سے قبل انگلش ٹیم نے ٹوئنٹی 20 سیریز بھی اسی مارجن سے اپنے نام کی تھی جبکہ ٹیسٹ سیریز 6 مارچ سے شروع ہوگی۔ ہفتے کو کھیلے گئے میچ میں 186 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پہلی وکٹ 42 رنز پر گری جب ای ین بیل 24 رنز بناکر اینڈریو ایلس کی گیند پر ردرفورڈ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ، کپتان الیسٹر کک اور جوناتھن ٹروٹ نے فلیٹ وکٹ اور ایڈن گارڈن کی چھوٹی باؤنڈریز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 67 رنز جوڑے، 109 کے مجموعے پر ٹروٹ 38 رنز بناکر ساؤتھی کی گیند پر وکٹ کیپر بریڈلی جان واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، ایک اوور بعد کک بھی 46 رنز بناکر اسی جوڑی کا شکار ثابت ہوئے، ایون مورگن کو 39 رنز پر ایلس نے کائیل ملز کی مدد سے قابو کیا۔ جوز بٹلر ساؤتھی کی تیسری وکٹ بننے سے قبل تین رنز بنا پائے، ان کا کیچ بھی واٹلنگ نے تھاما۔ جوئے روٹ 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم 43.5 اوورز میں 185 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ابتدائی تین کھلاڑی صرف 11 رنز پر آؤٹ ہوئے، واٹلنگ (1) اور ردرفورڈ (2) کو اسٹیون فن جبکہ کین ولیمسن (7) کو اس دوران جیمز اینڈرسن نے وکٹ کیپر جوز بٹلر کی مدد سے میدان بدر کیا، گرانٹ ایلوئٹ (28) رن آؤٹ ہوئے، روس ٹیلر28 رنز بناکر براڈ کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، جیمز فرینکلن کو 14 کے انفرادی اسکور پر سوان نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا، ناتھن میک کولم فن کی گیند پر کک کا کیچ بننے سے قبل صرف 4 رنز جوڑ پائے، ایلس (8)براڈ جبکہ کائیل ملز (2) ووکس کی وکٹ ثابت ہوئے۔ برینڈن میک کولم آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے، انھوں نے 68 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔