سائٹ اسکرین پر جھاڑو دیکھ کر مصباح پریشان ہوگئے

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 24 فروری 2013
عمران فرحت نے رورے کلینویلڈ کی سر کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنائی۔  فوٹو: فائل

عمران فرحت نے رورے کلینویلڈ کی سر کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنائی۔ فوٹو: فائل

سنچورین: سنچورین ٹیسٹ کے دوران سائٹ اسکرین پر جھاڑو دیکھ کر مصباح پریشان ہوگئے، کلین سوئپ کی علامت سمجھ کر اسے وہاں سے ہٹانے کا اشارہ کردیا۔

دوسرے روز جب مصباح الحق بیٹنگ کیلیے وکٹ پر آئے تو اچانک ان کی نظر ویسٹ لین اینڈ سائٹ اسکرین پر پڑی جس پر ایک جھاڑو رکھا ہوا تھا انھوں نے اس کو کلین سوئپ سے تعبیر کرتے ہوئے ہٹانے کا مطالبہ کیا ان کے اشاروں پر کسی بھی سیکیورٹی آفیشل نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، اس موقع پر ورنون فلینڈر مزاحیہ انداز میں گھاس پر جھاڑو پھیرنے کا اشارہ کرنے لگے۔

تاہم اس وقت کھیل دوبارہ شروع ہوا جب ایک شائق نے جھاڑو کو وہاں سے ہٹایا، اس موقع پر کرائوڈ نے تالیاں بھی بجائیں۔ اس سیریز کے دوران کئی شاندار کیچز دیکھنے کو ملے تاہم ڈین ایلجر اس کوشش میں ناکام رہے، سرفراز احمد نے فلینڈر کی ڈلیوری کو پش کیا جہاں موجود ایلجر نے چھلانگ لگا کر ایک ہاتھ سے کیچ تھامنے کی کوشش کی جبکہ تھرڈ سلپ میں موجود فاف ڈو پلیسس بھی کیچ کے لیے آگے بڑھے گیند ایلجر کے ہاتھ سے ٹکرائی اور پھر دونوں کے درمیان گر گئی۔

دونوں کے سر آپس میں ٹکرانے سے بال بال بچے۔ روری کلین ویلڈ کو سست بولر سمجھا جاتا ہے مگر ہفتے کے روز انھوں نے اس کو غلط ثابت کردکھایا۔ جب عمران فرحت نے ان کی نوبال پرچوکا جڑا تو وہ غصے میں آگ بگولا ہوگئے، اگلی گیند انھوں نے 143.7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کی ، ان کا صاف ارادہ عمران فرحت کے سر کو نشانہ بنانے کا تھا مگر اوپنر پرسکون انداز میں نیچے جھک گئے جس سے کلینویلڈ کی کوشش کامیاب نہیں ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔