ہزاروں پاکستانی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھے، تعلقات کو مضبوط بنائیں گے، امریکا

اے پی پی / آن لائن  اتوار 24 فروری 2013
ہزاروں معصوم پاکستانی دہشتگردی کی بھینٹ چڑھے، امریکی حکومت ہرممکن تعاون کریگی، تعلقات مضبوط بنائینگے ،لیون پنیٹا، وکٹوریہ نولینڈ. فوٹو: فائل

ہزاروں معصوم پاکستانی دہشتگردی کی بھینٹ چڑھے، امریکی حکومت ہرممکن تعاون کریگی، تعلقات مضبوط بنائینگے ،لیون پنیٹا، وکٹوریہ نولینڈ. فوٹو: فائل

برسلز / واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ نیٹو ممالک2014ء کے بعد افغانستان میں8 سے 10 ہزار کے قریب مشترکہ فوج کی تعیناتی پر غور کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا ہے کہ امریکا نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ اس کے کتنے فوجی اس میں حصہ لیں گے۔گزشتہ سال نیٹو کے زیرِ قیادت فوجیوں کی تعداد صرف ایک لاکھ رہ گئی تھی، جن میں سے زیادہ تعداد امریکی فوجیوں کی تھی ۔ امریکی وزیرِ دفاع لیون پنیٹا نے برسلز میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ نیٹو وزرائے دفاع کے اجلاس میں کئی ممالک نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے فوجی امریکا کی سربراہی والی فوج میں شامل ہوں گے۔آن لائن کے مطابق انھوں نے کہا کہ نیٹو وزرائے دفاع کے اجلاس میں 2018 تک افغان فوج کی تعداد ساڑھے 3 لاکھ برقرار رکھنے پر غور کیا گیا اجلاس میں افغانستان کے لیے مستقبل کی حکمت عملی پر غو ر ہوا ۔

5

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے پاکستان کیساتھ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کیساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے ان تعلقات کی بنیاد صرف افغانستان میں امریکی فوجیوں کی حفاظت نہیں بلکہ دہشت گردی کا خاتمہ ہے جو پوری دنیا کے امن کیلیے خطرہ ہے اور پاکستان خود اس سے متاثر ہے ہزاروں بے گناہ اور معصوم پاکستانی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں اور ہزاروں اس سے متاثر ہوئے ہیں کوئٹہ میں حالیہ بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے وکٹوریہ نولینڈ نے کہا کہ امریکی عوام اور حکومت کومعصوم انسانی جانوں کے زیاں پر شدید دکھ ہے اور ہم پاکستان کو ایسے حالات سے نکالنے کیلیے ہرممکن تعاون و مدد فراہم کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔