خشک جلد کے لیے6 گھریلو ٹوٹکے

ویب ڈیسک  اتوار 1 اکتوبر 2017
گھروں میں موجود ان گنت اشیا سے جلد کی خشکی دور کی جاسکتی ہے۔ فوٹو: فائل

گھروں میں موجود ان گنت اشیا سے جلد کی خشکی دور کی جاسکتی ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: خشک جلد کو طب کی زبان میں ایک جسمانی مرض کے طور پر بھی لیا جاتا ہے جسے زیروسِس کہتے ہیں۔

سردیوں کی آمد آمد ہے اور ہر خاص وعام جلد کی خشکی کی شکایت کرتا ہے، ذیل میں جلد کی خشکی دور کرنے اور جلد کو دائمی طور پر تروتازہ رکھنے کے بہترین ، کم خرچ اور آسان گھریلو ٹوٹکے بیان کئے جارہے ہیں جو مہنگی کریموں کا بہترین متبادل ہیں اور ہم ان کے استعمال کی سائنسی و تحقیقی وجوہ بھی بیان کررہے ہیں۔

سورج مکھی کے بیج کا تیل

2013 میں کئے گئے ایک مطالعے سے ثابت ہوا ہے کہ سورج مکھی کے تیل کا باقاعدہ استعمال آپ کی جلد کی نمی برقرار رکھتا ہے۔ اسے جب شرکا کے بازوؤں پر لگایا گیا تو کافی دیر تک ان کی نمی برقرار رہی ۔ تاہم دیگر تیلوں میں اس طرح کی تاثیرنہیں دیکھی گئی ۔

ناریل کا تیل

کھوپرے کا تیل ایک قدرتی موئسچرائزر ہے۔ 2014 میں کی گئی ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ ناریل کا تیل عین پیٹرولیم جیلی کی طرح مؤثر ہے اور کچھ ہی عرصے میں لائپڈز (چکنائیاں) بڑھا کر جلد کو نرم و ملائم بناتا ہے۔

سال 2016 میں کی گئی تحقیق کے مطابق اس تیل میں سیرشدہ (سیچوریٹڈ) چکنائیاں ہوتی ہے جو جلد کے خشک حصوں میں سما کر اسے ہموار اور ملائم کرتے ہیں۔

اوٹ میل کا غسل

دلیے یا اوٹ میل کے پاؤڈر پانی میں ڈال کر نہانے سے خشک جلد سے نجات مل جاتی ہے۔ 2015 کے ایک مطالعے سے انکشاف ہوا ہے کہ ایک جانب تو اوٹ میل میں اینٹی آکسیڈنٹس خواص ہیں تو یہ جلد کی سوزش بھی کم کرتا ہے۔ اوٹ میل کو پانی میں ملاکر اس سے ہاتھ ، پیر، جلد اور بازو کو نتھار کر بھی خشکی سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

دودھ کا استعمال

متعدد تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ دودھ پینے سے جلد کی خشکی دھیرے دھیرے رفع ہوجاتی ہے۔ چکنائی والے دودھ میں فاسفولائپڈز ہوتےہیں اور اس سے جلد نمدار رہتی ہے۔

شہد

شہد جادوئی خواص رکھتا ہے اور کئی تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ جلد کے کئی امراض میں شہد ایک بہترین شفایاب ٹانک سے کم نہیں۔ پاکستان میں بھی تحقیق ہوئی ہے کہ شہد زخموں کو مندمل کرنے اور جراثیم سے پاک رکھنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا ۔ رات کے وقت جلد پر شہد لگانے کے کچھ دیر بعد نیم گرم پانی سےچہرہ دھونے سے چہرے کی خشکی ختم ہوجاتی ہے۔

ایلو ویرا

ایلوویرا یا گھیگوار پاکستان میں عام ملتا ہے۔ طبی خواص سے مالامال ایلوویرا دنیا بھر میں جلد کی مصنوعات میں استعمال ہوتا ہے۔

رات کو سوتے وقت ایلوویرا جیل کو ہاتھ اور پیروں پر لگائیں اور موزے ، دستانے پہن کر سوجائیں ۔ اب صبح اٹھ کر نیم گرم پانی سے دھولیجیے۔ تین روز میں ہی واضح فرق دکھائی دے گا۔ جلد کی جھلسن اور بے رونقی کو بھی ایلوویرا سے درست کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔