اوپنرز کے تجربات میں پاکستان نے تمام ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 30 ستمبر 2017
پاکستان کے گزشتہ دورئہ یواے ای میں اظہر علی اور سمیع اسلم بطور اوپنر کھیلے تھے۔ فوٹو: نیٹ

پاکستان کے گزشتہ دورئہ یواے ای میں اظہر علی اور سمیع اسلم بطور اوپنر کھیلے تھے۔ فوٹو: نیٹ

 لاہور:  اوپنرز کے تجربات میں پاکستان نے تمام ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

یو اے ای میں سری لنکا سے سیریز میں مصباح الحق اور یونس خان کا خلا پُرکرنے کیلیے کوشاں پاکستان کو نیا کمبی نیشن بنانا ہے، اس کیلیے بیٹنگ آرڈر میں بھی تبدیلیاں ہوئی ہیں، دورئہ ویسٹ انڈیز کیلیے اسکواڈ میں جگہ نہ بنا پانے والے سمیع اسلم واپس آئے، شان مسعود پہلے ہی ٹیم میں موجود تھے،دونوں بائیں ہاتھ کے اوپنرزگزشتہ روز پہلی بار ایک ساتھ کریز پر آئے، اس سے قبل مختلف کھلاڑیوں کے ساتھ اننگز اوپن کرنے والے اظہر علی نمبر 3 پر آئیں گے،اس کے ساتھ ہی پاکستان نے اوپنرز کے تجربات کرنے میں تمام ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

گزشتہ 5 سال میں گرین کیپس نے16ویں جوڑی آزمائی ہے، اس دوران انگلینڈ14، بھارت13، آسٹریلیا، سری لنکا اور زمبابوے 12، 12، جنوبی افریقہ11، بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز 10، 10 اور نیوزی لینڈ 7 جوڑیوں کے تجربات کرچکے ہیں۔

پاکستان نے آخری 15 ٹیسٹ میں ہی 6اوپننگ پیئرز کی آزمائش کرلی ہے، محمد حفیظ اور شان مسعود، محمد حفیظ اور سمیع اسلم، اظہر علی اور سمیع اسلم، اظہر علی اور شرجیل خان، اظہر علی اور احمد شہزاد، اظہر علی اور شان مسعود کو بطور اوپننگ جوڑی میدان میں اتارا جا چکا۔ پاکستان کے گزشتہ دورئہ یواے ای میں اظہر علی اور سمیع اسلم بطور اوپنر کھیلے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔