صدر حامد کرزئی نے امریکی اسپیشل فورسز کو صوبہ وردک سے نکل جانے کا حکم دیدیا

اے ایف پی  اتوار 24 فروری 2013
 صدر حامد کرزئی نے وزارت دفاع کو حکم دیا کہ امریکی اسپیشل فورسز کو آئندہ 2 ہفتے کے اندر اندر وردک صوبے سے نکال دیا جائے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

صدر حامد کرزئی نے وزارت دفاع کو حکم دیا کہ امریکی اسپیشل فورسز کو آئندہ 2 ہفتے کے اندر اندر وردک صوبے سے نکال دیا جائے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

کابل: افغان صدر حامد کرزئی نے امریکی اسپیشل فورسز کو 2 ہفتے میں وردک صوبے سے نکلنے کا حکم دے دیا۔

کابل میں نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں صدر حامد کرزئی نے وزارت دفاع کو حکم دیا کہ امریکی اسپیشل فورسز کو آئندہ 2 ہفتے کے اندر اندر وردک صوبے سے نکال دیا جائے۔  صدر کے ترجمان اجمل فیضی کے مطابق افغان صدر نے کہا ہے کہ امریکی اسپیشل فورسز اور ان کے قائم کردہ غیر قانونی اسلحہ بردار گروپس صوبے کے اندر بد امنی اور انتشار پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں جس کی وجہ سے صوبے کے مقامی افراد میں خوف و ہراس بھی پایا جاتاہے۔

امریکی فورسز کے ترجمان نے صدر کرزئی کے بیان سے متعلق کہا کہ ہم ان الزامات کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں اور اس حوالے سے جب تک ہماری سینئر افغان حکام سے بات نہیں ہو جاتی تب تک ہم اس بارے ميں کوئی بھی بیان نہیں دے سکتے۔

واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل ہی صدر کرزئی نے افغان سیکیورٹی فورسز پر پابندی لگائی تھی کہ وہ رہائشی علاقوں میں کارروائیوں کے دوران فضائی طاقت کی مدد نہیں مانگ سکتے۔ صوبہ کنٹر میں دس شہریوں کی ہلاکت کے بعد صدر کرزئی نے یہ پابندی عائد کی تھی اور اس وقت کہا تھا ’ہماری فورسز غیر ملکیوں سے فضائی مدد مانگتی ہیں اور ان فضائی حملوں میں ہمارے ہی بچے مارے جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔