نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کیلئے (ن) لیگ کا اجلاس آج ہو گا

ویب ڈیسک  اتوار 1 اکتوبر 2017

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج ہو گا جس میں نواز شریف کو دوبارہ پارٹی صدر بنانے کے لئے(ن) لیگ کے آئین میں ترمیم کی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس یعقوب ناصر کی زیرصدارت آج ہو گا، اجلاس میں (ن) لیگ کی مجلس عاملہ نوازشریف کو دوبارہ پارٹی صدر بنانے کے لئے اپنے پارٹی آئین میں ترمیم کرے گی۔ اجلاس میں پارٹی آئین کی شق میں ترمیم کی جائے گی جس کے مطابق سزایافتہ یا نااہل شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا جس کے بعد نوازشریف کو دوبارہ پارٹی کا صدر منتخب کیا جائے گا۔

دوسری جانب 3 اکتوبر کو چوہدری جعفر اقبال کی زیرصدارت پارٹی الیکشن کمیشن میں صبح 7 سے 9 بجے تک کاغذات جمع ہونگے جس کے بعد ان کی اسکروٹنی ہوگی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل کا دوسرا اجلاس 3 اکتوبر 10 بجے صبح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوگا جس میں مسلم لیگ (ن) کے نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔