سلور اسکرین پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا عزم رکھتی ہوں، انیقہ علی

قیصر افتخار  منگل 3 اکتوبر 2017
 صرف وہی آئٹم سانگ کروں گی جس کا گانا میری آواز میں ریکارڈ ہوا ہو گا: اداکارہ وگلوکارہ کی ’’ایکسپریس‘‘سے خصوصی گفتگو۔ فوٹو: فائل

صرف وہی آئٹم سانگ کروں گی جس کا گانا میری آواز میں ریکارڈ ہوا ہو گا: اداکارہ وگلوکارہ کی ’’ایکسپریس‘‘سے خصوصی گفتگو۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  اداکارہ وگلوکارہ انیقہ علی نے کہا ہے کہ ایک فنکارکی سب سے اولین پسند توبڑی اسکرین پرکام کرنا ہی ہوتی ہے، اس لیے میں بھی سلوراسکرین پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کاعزم رکھتی ہوں۔

انیقہ علی نے ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آجکل ہرکوئی بالی وڈ سے اپنا فلمی سفرشروع کرنا چاہتا ہے لیکن میں توسلوراسکرین پراگرنظرآئی توپہلی ترجیح پاکستان ہوگی۔ حالانکہ مجھے بالی وڈ سے فلم کی آفرز ہیں مگر میں کسی پاکستانی فلم سے ہی ڈیبیو کرنا چاہوں گی۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ توبہت خوش آئند بات ہے کہ ہمارے ہاں کثیرسرمائے سے فلمیں پروڈیوس ہورہی ہیں لیکن اس وقت زیادہ تر فلمیں ٹی وی ڈراموں کے طرز پر بنائی جا رہی ہیں اوران کی زیادہ تر کاسٹ بھی ٹی وی فنکاروں پر ہی مشتمل ہوتی ہے۔ فلم بین پردہ اسکرین پر ٹی وی سے ہٹ کر کچھ دیکھنا چاہتے ہیں، اس لیے جب تک ہم ٹی وی اور فلم کے فرق کو نہیں سمجھیں گے اس وقت تک فلم انڈسٹری کی کامیابی ممکن نہیں۔

انیقہ نے کہا کہ ہمیں کامیڈی، رومانٹک اور میوزیکل فلمیں زیادہ سے زیادہ بنانی چاہئیں، فلم میں رومانٹک کردار کرنا اچھا لگتا ہے، صرف وہی آئٹم سانگ کروں گی جس کا گانا میری آواز میں ریکارڈ ہوا ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں انیقہ علی نے کہا کہ فلم میں میوزک کاشعبہ بھی بے حد کمزورہے۔ نوجوان فلم میکرز اس کوبہترکرنے پربھی غورکریں۔ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، اگرتھوڑی سی توجہ دی جائے اورلابی سسٹم سے باہرنکل کرٹیلنٹ کومیوزک کے شعبے میں متعارف کروایا جائے تویقیناً اس سے بہتری آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔