روہنگیا مسلمانوں کیخلاف ویڈیو پر میانمار کی ملکہ حسن تاج سے محروم

ویب ڈیسک  منگل 3 اکتوبر 2017
شوئی ایئن سی نے معاہدے کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ، منتظمین مقابلہ حسن۔ فوٹو: سوشل میڈیا

شوئی ایئن سی نے معاہدے کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ، منتظمین مقابلہ حسن۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ینگون: میانمار کی ملکہ حسن نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کرنے پر اسے تاج سے محروم کردیا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق میانمار کی ملکہ حسن شوئی ایئن سی نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو جاری کی تھی جس میں اس نے میانمار میں روہنگیا عسکریت پسندوں پر بدامنی پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا۔

میانمار کے مقابلہ حسن کے منتظمین نے 19 سالہ شوئی ایئن سی کا اعزاز منسوخ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اس نے معاہدے کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اور رول ماڈل جیسا رویہ اختیار نہیں کیا، مگر منتظمین نے اپنے بیان میں روہنگیا مسلمانوں سے متعلق ویڈیو کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ تاہم شوئی ایئن سی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اسے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ویڈیو کی وجہ سے اعزاز سے محروم کیا گیا اور منتظمین نے یہ بالکل غلط فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: روہنگیا مظالم پر آکسفورڈ یونیورسٹی نے سوچی کی تصویر اتار دی

شوئی ایئن سی نے اپنی ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ ارکان روہنگیا سالویشن آرمی (حرکۃ الیقین) کی خلافت طرز کی تحریک بلاامتیاز میانمار میں حملے کر رہی ہے۔ تاہم شوئی ایئن سی نے اپنی ویڈیو میں روہنگیا مسلمانوں پر برمی فوج کے مظالم کا کوئی ذکر نہیں کیا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے برمی فوج کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ میانمار میں اگست کے اواخر میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع ہوا جس کے نتیجے میں ہزاروں مسلمان شہید اور لاکھوں ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔