دنیا کے مہنگے اور نایاب ترین پالتو کتے

ویب ڈیسک  بدھ 11 اکتوبر 2017
دنیا بھر کے نایاب اور قیمتی کتے ایک سے دس لاکھ روپے تک میں فروخت ہوتے ہیں۔ فوٹو: فائل

دنیا بھر کے نایاب اور قیمتی کتے ایک سے دس لاکھ روپے تک میں فروخت ہوتے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: امریکہ اور مغربی ممالک میں پالتو کتوں کے شوقین اچھی نسل اور خوبصورتی کی بنا پر دنیا کے بہترین کتوں کےلیے لاکھوں روپے خرچ کردیتےہیں۔ اس مضمون میں دنیا کے مہنگے ترین پالتو کتوں کا مختصر احوال پیش کیا جارہا ہے۔

تبت کا ماسٹف

اسے دنیا کا انمول اور نایاب ترین کتا قرار دیا گیا ہے جس کی گہری سرخ رنگت اچھی قیمت کی اہم وجہ بھی ہے۔ 2013 میں چین سے نایاب تبتی ماسٹف کتا 19 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ یہ قد میں 84 سینٹی میٹر تک جاپہنچتے ہیں جبکہ وزن 160 پونڈ تک ہوتا ہے۔

کینیڈا کا ایسکیمو

یہ کتا خاص کینیڈا میں پایا جاتا ہے اور گزشتہ 2 ہزار سال سے خانہ بدوشوں کا ایک لازمی حصہ رہا ہے۔ 1963 میں ان کی نسل کو معدومیت کے قریب قرار دیدیا گیا تھا۔ کینیڈا میں ایسا صرف ایک اور امریکہ میں 500 کے قریب کتے ہیں۔ اسی وجہ سے ایک بالغ ایکسیمو کی قیمت 7 سے 8 لاکھ روپے تک ہوتی ہے۔

فرعونی ہاؤنڈ

جی ہاں اس نسل کا نام فیرو(فرعون) ہاؤنڈ ہے جس کے اولین آثار مالٹا سے ملے ہیں۔ یہ اس کی ذہین ترین نسل کا نمائندہ ہے اور خوشی میں اپنی ناک اور کانوں کو خاص انداز میں حرکت دیتا ہے۔ قیمت 6 سے 7 لاکھ تک ہوتی ہے ۔ تاہم اس کتے کو سکھانا اور سدھانا بہت مشکل ہوتا ہے۔

لوچین کتا

لوچین جرمن زبان میں چھوٹے شیر کو کہا جاتا ہے۔ پوری دنیا میں ہرسال اس کے صرف چند سو پلے ہی رجسٹر کئے جاتے ہیں۔ اس کا تعلق جرمنی اور فرانس سے بتایا جاتا ہے۔ ایک بالغ لوچین 4 سے 8 لاکھ روپے میں فروخت ہوتا ہے۔

اکیٹا

اکیٹا کا تعلق جاپان سے بتایا جاتا ہے اور اس کی دوبڑی نسلیں یا اقسام ہیں۔ اول امریکی اکیٹا اور دوم جاپانی اکیٹا اور ان دونوں کی قیمت 4 سے 5 لاکھ روپے کے درمیان ہوسکتی ہے۔ سرد خطے سے تعلق کی بنا پر ان کتوں پر بالوں کی تہہ بہت موٹی ہوتی ہے۔ وقت پڑنے پر یہ اپنے مالک کو بھی سردی سے بچاتے ہیں۔

سامویڈ کتے

اس کتے کی قیمت 4 لاکھ سے 10 لاکھ کے درمیان ہے جس کا انحصار نسل اور جسامت پر ہوتا ہے۔ یہ گھلنے ملنے والا ایک ذہین کتا ہے۔ انہیں مکمل توجہ اور ساتھ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ سامویڈ کی خوبصورت سفید جلد اور نرم بالوں والی کھال مزید قیمتی بناتی ہے۔

فرنچ ماسٹف

فرنچ ماسٹف کی پرورش اور نسل خیزی بطور لڑاکا کتوں کے ہوئی ہے کیونکہ یہ طاقتور اور خونخوار ہوتے ہیں۔ ان کا وزن 145 پونڈ اور قد 75 سینٹی میٹر تک ہوتا ہے۔ بیسویں صدی میں ان کی نسل خاتمے کے قریب جاپہنچی تھی اور اب ان کی قیمت کم سے کم 5 لاکھ روپے تک ہوتی ہے۔

ڈوگو ارجنٹینو

اس کے پٹھے اور عضلات بہت مضبوط ہوتے ہیں اور انہیں پالنے والا بہت سرگرم اور خیال رکھنے والا ہونا چاہیے۔ یہ شکاری کتے بھی ہوتے ہیں لیکن اپنے مالک کی جسمانی قربت چاہتے ہیں۔ ایک کتے کی قیمت چار لاکھ تک ہوتی ہے۔

یارک شائر ٹیریئرز

اس کتے کی قیمت 3500 ڈالر یعنی ساڑھے تین لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔ یارک شائر ٹیریئر کا قد بہت چھوٹا اور وزن سات پونڈ تک ہوتا ہے۔ توانائی سے بھرپور یہ کتے دنیا بھر میں مقبول ہیں۔

روٹ وائلر

روٹ وائلر کتا ڈھائی لاکھ سے آٹھ لاکھ تک کا ہوتا ہے۔ رومی سپاہی اسے روٹی کہتے ہیں۔ اس کے بھونکنے کی تیز آواز کی وجہ سے یہ مویشیوں کی نگرانی کے کام بھی آتا ہے۔ خوفناک دکھائی دینے کے باوجود یہ اپنے مالک سے وفادار اور محبت کرنے والا جانور ہے۔

انگلش بل ڈاگ

انگلش بل ڈاگ دنیا بھر میں مقبول ہیں اور ان کی قیمت ڈھائی سے ساڑھے تین لاکھ تک ہوتی ہے۔ اس کے پلے بہت خوبصورت اور کھیلنے کے شوقین ہوتے ہیں۔

سالوکی

سالوکی کتا ڈھائی لاکھ روپے میں فروخت ہوتا ہے۔ اسے مصر کا شاہی کتا بھی کہا جاتا تھا۔ قدیم چینی شاہراہِ ریشم پر سفر کے دوران اس کتے کو ساتھ رکھتے تھے۔ گرے ہاؤنڈ کی طرح یہ کتے دبلے اور لمبے ہوتے ہیں۔ ایک بالغ کتا 71 سینٹٰی میٹر اونچا اور وزن 60 پونڈ تک ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔