بولنگ رینکنگ :سنیل نارائن نے حفیظ سے دوسری پوزیشن چھین لی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 26 فروری 2013
ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں حفیظ بولرز میں دوسری پوزیشن سے دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں. فوٹو : اے ایف پی/فائل

ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں حفیظ بولرز میں دوسری پوزیشن سے دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں. فوٹو : اے ایف پی/فائل

دبئی:  ون ڈے بولنگ رینکنگ میں سنیل نارائن نے حفیظ سے دوسری پوزیشن چھین لی.

پاکستانی بولر دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، آل رائونڈرز میں ٹاپ پوزیشن قائم ہے، سعید اجمل بدستور دنیا کے نمبرون بولر کا اعزاز برقرار رکھے ہوئے ہیں، ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں شامل واحد پاکستانی عمر اکمل کو بھی ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونیوالی تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں حفیظ بولرز میں دوسری پوزیشن سے دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ پر سعید اجمل کو واضح برتری حاصل ہے.

دوسری پوزیشن ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن نے سنبھال لی، دودرجے بہتری کے بعداسٹیون فن تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 9 درجے چھلانگ لگا کر انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 11 ویں پوزیشن پر پہنچے، ان کے ساتھی بولر گریم سوان کو 6 درجے تنزلی نے 18 ویں نمبر پر بھیج دیا۔ بیٹسمینوں میں ٹاپ پر جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا موجود ہیں، ٹاپ 20 میں پاکستان کے واحد کھلاڑی عمر اکمل ایک درجے خسارے کے بعد 15 ویں نمبر پر چلے گئے، سب سے زیادہ ترقی کیوی کپتان برینڈن میک کولم کو نصیب ہوئی جوکہ ایک ساتھ 16 درجے پھلانگ کر نویں نمبر پرآگئے۔ آل رائونڈرز میں ٹاپ پر حفیظ موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔