جاری ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل پرپوری توجہ دی جائے :وزیراعلیٰ سندھ

اسٹاف رپورٹر  منگل 26 فروری 2013
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ چیف منسٹر ہائوس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ چیف منسٹر ہائوس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ منصوبہ بندی وترقیات اور محکمہ مالیات کا مشترکہ اجلاس آج وزیراعلیٰ ہائوس میں ہوا ۔

اجلاس میں صوبائی وزیرخزانہ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، چیف سیکریٹری سندھ راجا محمد عباس ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری(پی اینڈ ڈی)عارف احمد خان ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (فنانس) نوید کامران بلوچ ، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری محمد صدیق میمن ، اسپیشل سیکریٹری(پی اینڈ ڈی) ڈاکٹر نورالحق اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔


وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے متعلقہ محکموں کوہدایت کی کہ وہ صوبے میں جاری ترقیاتی اسکیموں باالخصوص محکمہ صحت ، تعلیم ،آبپاشی ، ورکس اینڈ سروسزکے جاری منصوبوں کی تکمیل پر اپنی پوری توجہ مرکوز کریں اور تا کہ موجودہ حکومت اپنی بقیہ مدت میں تکمیل ہونے والے منصوبوں کوحتمی شکل دیں ۔ اجلاس میں پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ محکمے کی طرف سے بریفنگ دی گئی ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قاسم آباد حیدرآباد میں شروع باالخصوص ڈرینج کے منصوبے کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے اور اس کے بعد سڑکوں کی تعمیر کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ ایم پی ایز کے خصوصی و ترجیحات پیکیجز کے تحت مختلف دیہات میں گیس اور بجلی کی فراہمی والی اسکیموں کو زیادہ سے زیادہ گاؤں میں مکمل کیا جائے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔