لاہور ملتان موٹر وے پر 60 فیصد تعمیراتی کام مکمل

حسیب حنیف  پير 9 اکتوبر 2017
اس وقت 13 کے قریب موٹرویز پر کام جاری ہے، 3 منصوبے مکمل ہو چکے۔ فوٹو: فائل

اس وقت 13 کے قریب موٹرویز پر کام جاری ہے، 3 منصوبے مکمل ہو چکے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے 230 کلومیٹر لاہور ملتان موٹروے (ایم تھری) منصوبے پر 60 فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا جب کہ منصوبہ اپریل 2018 تک مکمل کر کے عوام کیلیے کھول دیا جائیگا۔

لاہور ملتان موٹروے کی تکمیل سے لاہور کا ملتان سے فاصلہ 5 گھنٹے سے کم ہو کر 3 گھنٹے رہ جائے گا۔ اس وقت ملک بھر میں 13 کے قریب موٹرویز پر کام جاری ہے جن میں سے3 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور 9 تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔ لاہور ملتان موٹر وے ایم 4 عبدالحکیم کے مقام پر لنک کریگی، منصوبے پر لاگت 148.6 ارب روپے آئیگی۔

این ایچ اے کی جانب سے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس موٹروے کو اگست 2018 میں مکمل ہونا تھا تاہم مقررہ مدت سے 4ماہ قبل منصوبے کی تکمیل متوقع ہے، دوسری جانب لاہور تا سیالکوٹ موٹروے پر کام بھی تیزی سے جاری ہے اور یہ بھی اگست 2018 تک مکمل ہو جائیگا، کراچی حیدرآباد اور ہزارہ موٹروے پر کام مکمل ہو چکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔