چیل بار بار حملہ کرے تو کیسے بچیں؟

ویب ڈیسک  جمعـء 13 اکتوبر 2017
چیل کسی انسان پر ایک بار جھپٹنے کے بعد بار بار اسی شخص پر حملے کرتی ہے۔ فوٹو: فائل

چیل کسی انسان پر ایک بار جھپٹنے کے بعد بار بار اسی شخص پر حملے کرتی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ آپ نے گھر سے باہر قدم نکالا اور ایک چیل بڑی تیزی سے اڑتی ہوئی آپ پر جھپٹ پڑی اور آپ کے سر پر پنجہ یا چونچ مارتے ہوئے گزر گئی۔ اس سے آپ زخمی ہوں یا نہ ہوں لیکن خوفزدہ ضرور ہوجاتے ہیں۔

دیکھا گیا ہے کہ چیل کسی انسان پر ایک بار جھپٹنے کے بعد بار بار اسی شخص پر حملے کرتی ہے۔ ممکنہ طور پر اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ اس شخص نے یا اس جیسے دکھائی دینے والے کسی اور شخص نے چیل کو پریشان کیا ہو جس کا بدلہ لینے کےلیے وہ حملے کر رہی ہو۔ خیر، وجہ کچھ بھی ہو لیکن چیل کے حملوں سے بچنے کا ایک بہت ہی آسان طریقہ پیشِ خدمت ہے:

گھر سے باہر نکلتے وقت سر پر سفید کپڑا اوڑھ لیجیے یا سفید ٹوپی پہن لیجیے، چیل آپ پر حملہ نہیں کرے گی۔

تجربے کی بات یہ ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے سر پر سفید کپڑا باندھا ہوتا ہے یا سفید ٹوپی پہنی ہوتی ہے، چیلیں انہیں نظرانداز کردیتی ہیں۔ یقین نہ آئے تو کسی کھلی جگہ پر سفید کپڑا بچھا کر اس پر چیلوں کےلیے گوشت رکھ دیجیے۔ چیلیں کبھی اس گوشت پر نہیں جھپٹیں گی۔ اس کے برعکس، اگر آپ وہی گوشت کھلی جگہ پر مٹی میں بھی پھینک دیں گے تو کچھ ہی دیر میں چیلیں اس پر جھپٹنے لگیں گی اور آپ کے دیکھتے ہی دیکھتے سارا گوشت اٹھا کر لے جائیں گی۔

اس کی سائنسی وجہ کیا ہے؟ کوئی نہیں جانتا۔ ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ چیلیں سفید رنگ کو دیکھ کر ان دیکھا کر دیتی ہیں۔ البتہ یہ ٹوٹکا آپ کو چیلوں کے وقت بے وقت حملوں اور بے وجہ خوف سے نجات دلا سکتا ہے۔

آزمائش شرط ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔