نیشنل ایکشن پلان پر عمل سے سیاسی و معاشی استحکام آئے گا، آرمی چیف

ویب ڈیسک  بدھ 11 اکتوبر 2017

 کراچی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر بروقت عمل ہو تو سیاسی و معاشی استحکام کے براہ راست نتائج سامنے آئیں گے۔

کراچی میں معیشت اور سلامتی پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ شروع سے ہی پاکستان کو کئی بحرانوں کا سامنا رہا، ہم دنیا کے سب سےزیادہ غیر مستحکم خطے میں رہتے ہیں۔ تاریخی بوجھ اور منفی مقابلے نے خطے کو اسیر بنا رکھا ہے، مشرق میں جارحیت پر آمادہ بھارت اور مغرب میں غیر مستحکم افغانستان ہے، ہم مغربی سرحد کو فوجی،معاشی اور سفارتی اقدامات کے ذریعے محفوظ بنا رہے ہیں، ہم نے فاٹا میں جو کیا اور بلوچستان میں جو شروع کیا وہ سیکیورٹی بہتر کرنے کی زبردست مثال ہے۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ ملک میں داخلی سلامتی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کو شکست دی گئی ہے۔ صورت حال مستحکم ہے مگر کہیں کہیں خطرات باقی ہیں، ہم اپنی نوجوان نسل کی بڑی تعداد کو کم آپشنز کے ساتھ نہیں چھوڑ سکتے، مدارس اصلاحات بھی بہت اہم ہیں، مدارس کو اپنے طلباء کو معاشرے کا مفید رکن بنانا ہوگا، ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ مدارس کے طلباء زندگی کی دوڑ میں کسی سے پیچھے نہ رہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی جامع کوششیں ضروری ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر بروقت عمل ہو تواثر براہ راست سیاسی و معاشی استحکام کی صورت میں آئے گا، آج کے دور میں سیکیورٹی ایک وسیع موضوع ہے، سلامتی اور معیشت ایک دوسرے سےجڑے ہوئے ہیں۔ روس کے پاس ہتھیار کم نہ تھے لیکن کمزور معیشت کے سبب ٹوٹا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سخت محنت سے سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی، حالیہ محرم گزشتہ برسوں کے مقابلے میں پرامن ترین رہا، اس سال ملک میں کھیلوں اور کلچر کے میگا ایونٹس منعقد ہوئے، بوہری برادری نے بہتر سیکیورٹی کی تصدیق کی اور اپنے سالانہ اجتماع کے لیئے پاکستان کو چنا۔ یقین دلاتا ہوں کراچی محفوظ رہے گا۔

سربراہ پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کے منصوبے مکمل ہو رہے ہیں، ان کامیابیوں کے باوجود ابھی لمبا سفر طے کرنا ہے، ملکی معیشت ملے جلے اشارے دے رہی ہے، شرح نمو اوپر جا رہی ہے مگر قرضے بھی آسمان سے باتیں کر رہے ہیں، انفراسٹرکچر اور توانائی بہتر ہو رہی ہے مگر کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس حق میں نہیں، ہمیں اگر کشکول توڑنا ہے تو ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں اضافہ کرنا ہو گا۔ پاکستان بھر میں عام آدمی کو ازسر نو یقین دلانا ہو گا کہ ریاست کی جانب سے یکساں برتاؤہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔