عمران خان کے لئے بہتر ہے کہ وہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوجائیں، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  جمعرات 12 اکتوبر 2017
یہ نہ ہو عمران خان کو کوئی پولیس اہلکار پکڑ کر الیکشن کمیشن کے سامنے لاکھڑا کرے، اپوزیشن لیڈر : فوٹو: فائل

یہ نہ ہو عمران خان کو کوئی پولیس اہلکار پکڑ کر الیکشن کمیشن کے سامنے لاکھڑا کرے، اپوزیشن لیڈر : فوٹو: فائل

 اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے لئے بہتر ہے کہ وہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوجائیں یہ نہ ہو کہ کوئی پولیس اہلکار انہیں پکڑ کر پیش کرے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے نوازشریف کے لئے ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے، ہر مسلمان کا ایمان ہے کہ  نبی اکرم  ﷺ آخری رسول ہیں اور جب ایک باب بند ہوچکا ہے تو پھر اس کو اٹھانا درست نہیں لیکن پتہ نہیں لوگ خود کو شو کرتے ہیں کہ ہم ہی سب کچھ ہیں۔

الیکشن کمیشن کے جانب سے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر خورشید شاہ کا کہنا تھا عمران خان کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ آج ہی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوجائیں اور بتائیں کہ وہ اداروں کا احترام کرتے ہیں بہتری اسی میں ہے اور ابھی وقت بھی ہے یہ نہ ہو کوئی پولیس اہلکار انہیں پکڑ کر الیکشن کمیشن کے سامنے لاکھڑا کرے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

انتخابی اصلاحات بل کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ الیکشن ترمیمی بل کو ایک شخص کا بل سمجھتے ہیں اس لئے ہم نے اس کی مخالفت کی اور کرتے رہیں گے عوام کو بھی چاہئے جو شخص پارلیمنٹ میں نہیں آتا اسے ووٹ نہ دیں۔

۔

 



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔