پاکستان نے تمام تررکاوٹوں کے باوجود خطے کے امن کیلیے بہت کچھ کیا،آرمی چیف

ویب ڈیسک  جمعرات 12 اکتوبر 2017
پاکستانی عوام کےعزم کے مطابق امن کےلیے کردار ادا کرتے رہیں گے، سربراہ پاک فوج -  فوٹو: فائل

پاکستانی عوام کےعزم کے مطابق امن کےلیے کردار ادا کرتے رہیں گے، سربراہ پاک فوج - فوٹو: فائل

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے تمام تر رکاوٹوں کے باوجود  خطے کے امن کے لیے بہت کچھ کیا جب کہ پاکستانی عوام کےعزم کے مطابق امن کےلیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے امریکی صدر کی نائب معاون لیزا کرٹس کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں ایلس جی ویلس اور امریکی سفیرڈیوڈ ہیل بھی شامل تھے جب کہ امریکی وفد نے جنوبی ایشیا سے متعلق امریکی پالیسی پر بریفنگ دی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاک افغان تعلقات پرتبادلہ خیال کیا گیا جب کہ امریکی وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور آرمی چیف نے امریکی وفد کو خطے کی سیکیورٹی سے متعلق پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود پاکستان نے خطے کے امن کے لیے بہت کچھ کیا جب کہ پاکستانی عوام کےعزم کے مطابق امن کےلیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔