کاروباری افراد کے لیے واٹس ایپ کا نیا ورژن متعارف

ویب ڈیسک  جمعـء 13 اکتوبر 2017
واٹس ایپ بزنس ابھی بیٹا موڈ پر ہے اور صرف اس ایپ کے ٹیسٹر ہی اسے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

واٹس ایپ بزنس ابھی بیٹا موڈ پر ہے اور صرف اس ایپ کے ٹیسٹر ہی اسے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اب کاروباری افراد کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا نیا ورژن متعارف کرادیا ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرائے گئے اس نئے ورژن کو ’’واٹس ایپ بزنس‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس میں بزنس کے حوالے سے 6 نئے فیچرز بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔ واٹس ایپ بزنس ابھی تک بیٹا موڈ پر ہے اور اس ایپ کے بیٹا ٹیسٹر ہی اسے گوگل پلے سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اور اگر آپ بیٹا ٹیسٹر نہیں ہیں تو فکر کی کوئی بات نہیں کیوں کہ اس ایپ کی ’اے پی کے‘ فائل بھی دستیاب ہے۔

یہاں ہم آپ کو بتائیں گے کہ ’واٹس ایپ بزنس‘ کیا ہے اور یہ واٹس ایپ کے اصل ورژن سے کیوں اور کیسے مختلف ہے۔

اگر آپ واٹس ایپ کے صارف ہیں تو یہ بات بخوبی جاتنے ہوں گے کہ واٹس ایپ پر آپ صرف موبائل نمبرز ہی ایڈ کرسکتے ہیں لیکن ’واٹس ایپ بزنس‘ میں لینڈ لائن نمبرز محفوظ کرنے کا آپشن شامل کیا گیا ہے۔

واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹ از خود دینے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے یعنی اگر آپ کسی کے مسیج کا فوری جواب دینا چاہتے ہیں لیکن وقت کی کمی کے باعث ایسا کرنے سے قاصر ہیں تو اس میں ایک آپشن موجود ہے جس کے ذریعے آپ کا جواب خود بخود پیغام بھیجنے والے تک پہنچ جائے گا جب کہ آپ اپنے جوابات آئندہ کچھ گھنٹوں یا دن کیلیے شیڈول بھی کرسکتے ہیں۔

واٹس ایپ کے اصل ورژن میں آپ موصول کیے گئے یا بھیجے گئے پیغامات کے اعدادوشمار نہیں دیکھ سکتے مگر ’واٹس ایپ بزنس‘ میں اس فیچر کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

’واٹس ایپ بزنس‘ کو استعمال کرنے سے پہلے آپ کو ایپ میں دیے گئے بزنس کیٹگری بھی منتخب کرنی پڑی گئی البتہ اس میں موجود بزنس کیٹگری اگر آپ کے اصل بزنس سے مماثلت نہیں رکھتی تو آپ ’دیگر‘ کا آپشن استعمال کرتے ہوئے اپنے کاروبار کی نوعیت درج کرسکتے ہیں۔

واٹس ایپ اکاؤنٹ آپ کے بزنس کی تصدیق ایک گرین نشان کے ذریعے کرے گا اور آپ کے موبائل میں موجود جس بھی نمبر کے آگے یہ گرین نشان موجود ہوگا اس کا مطلب یہ ہوگا کہ اس شخص کے پاس بھی واٹس ایپ بزنس اکاؤںٹ ہے۔

واٹس ایپ بزنس کا لوگو بھی پرانے واٹس ایپ سے مختلف ہے اور اس میں ٹیلی فون کے نشان کے بجائے ’بی‘ لکھا ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔