ون ڈے سیریز میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ آج ہوگا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 13 اکتوبر 2017
ٹرافی کی تقریب رونمائی،گرین شرٹس کا یواے ای میں غیر متاثر کن ون ڈے ریکارڈ۔ فوٹو: فائل

ٹرافی کی تقریب رونمائی،گرین شرٹس کا یواے ای میں غیر متاثر کن ون ڈے ریکارڈ۔ فوٹو: فائل

دبئی:  چیمپئنز کے چیمپئن نے سری لنکا سے ٹیسٹ میں شکست کا انتقام لینے کی ٹھان لی، ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جمعے کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے مابین 5ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ جمعے کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کرتے ہوئے خود کو محدود اوورز کی کرکٹ کیلیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کیا،شام کوٹرافی کی تقریب رونمائی بھی ہوئی۔

مہمان سری لنکا نے 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں پاکستان کوکلین سوئپ کیا تھا،چیمپئنز ٹرافی کے فاتح گرین شرٹس کو طویل فارمیٹ میں ناکامیوں کا بدلہ چکانے کیلیے عمدہ کارکردگی دکھانا پڑے گی، ٹیسٹ سیریز کی ناکام مہم میں شریک ہونے والے کرکٹرز کپتان سرفراز احمد،بابر اعظم، حارث سہیل اور پہلے ٹیسٹ میں حسن علی ہی ایک روزہ میچز کی سیریز کیلیے اسکواڈ میں شامل ہیں۔

تجربہ کار آل راؤنڈرز محمد حفیظ اور شعیب ملک کے ساتھ اوپنرز احمد شہزاد، فخرزمان،  پیسرز جنید خان اور رومان رئیس کی موجودگی میں میزبان ٹیم سے بہتر کارکردگی کی امیدیں وابستہ کی جا سکتی ہیں،اسپن کے شعبے کو شاداب خان اور عماد وسیم سے تقویت ملی ہے، آل راؤنڈر فہیم اشرف بھی یواے ای کی کنڈیشنز میں موثر ثابت ہوسکتے ہیں تاہم انھیں پہلا میچ نہ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، محمد عامر کی انجری کے بعد عثمان شنواری کو اسکواڈ میں جگہ ملی لیکن ان کی پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنی، پاکستان نے امام الحق اور حارث سہیل کو بھی بنچ پر بٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کا یواے ای میں ون ڈے ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں،2009میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد امارات کو نیوٹرل وینیو بنائے جانے سے گرین شرٹس کو یہاں 12میں سے 9سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ البتہ سرفراز الیون چیمپئنز ٹرافی میں فتح کی وجہ سے بلند حوصلے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

دوسری جانب سری لنکا کی ون ڈے فارم انتہائی خراب جا رہی ہے، ٹیم نے گزشتہ 21میں سے 16میچز میں ناکامی کا منہ دیکھا ہے،اس دوران جنوبی افریقہ اور بھارت نے5-0سے کلین سوئپ کیا جبکہ زمبابوے جیسی ٹیم نے بھی تاریخ میں پہلی بار سیریز میں مات دی،ٹیسٹ میچز میں فتح سے آئی لینڈرز نے اعتماد کی بحالی کا جو سفر شروع کیااسے جاری رکھنے کی کوشش کرینگے۔

مہمان ٹیم بیٹنگ میں کپتان اپل تھارنگا، دنیش چندیمل اور لاہیروتھریمانے کے ساتھ جارح مزاج ڈکویلا پر انحصار کرے گی،کوشل مینڈس کی ثابت قدمی بھی گرین شرٹس کو پریشان کرسکتی ہے،آل راؤنڈر تھشارا پریرا میچ کا پانسہ پلٹ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں،پیس کے شعبے میں سری لنکا کو سورنگالکمل جیسے تجربہ کار بولر کا ساتھ حاصل ہوگا۔ نوان پرادیپ ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے میچز میں بھی پاکستان کو پریشان کرسکتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں شکستوں کو بھول کر ون ڈے سیریز میں جیت کا عزم لیے میدان میں اتریں گے،چیمپئنز ٹرافی کی فتح کے بعد پہلی سیریز کھیل رہے ہیں،تمام کھلاڑی کارکردگی کا معیار برقرار رکھنے کیلیے بھرپور جوش اور جذبہ رکھتے ہیں، انھوں نے کہا کہ طویل فارمیٹ کے میچز میں تھوڑے تحمل کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے، ون ڈے میں تیزی دکھانی اور جارحانہ فیصلے کرنا پڑتے ہیں،امید ہے کہ ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ سری لنکن سائیڈ بھی خاصی متوازن نظر آرہی ہے،اچھے مقابلے ہوںگے، ہمارے پاس حریف کو قابو کرنے کیلیے پیسرز کے ساتھ اسپن بولنگ میں بھی اچھے آپشنز موجود ہیں،حسن علی اور شاداب خان سمیت کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرانے کیلیے بے تاب ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔