ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلیے آئی سی سی بورڈ آج مہر قبولیت ثبت کرے گا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 13 اکتوبر 2017
2020 سے 13 ملکی ون ڈے لیگ کے آغاز، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ فوٹو : فائل

2020 سے 13 ملکی ون ڈے لیگ کے آغاز، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ فوٹو : فائل

آکلینڈ: آئی سی سی بورڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پر آج مہرقبولیت ثبت کرے گا جبکہ 2020 سے 13 ملکی ون ڈے لیگ شروع کرنے کی بھی منظوری دی جائیگی۔

آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیوز اور دیگر ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس ختم ہوگئے جنھوں نے اپنی سفارشات میں انٹرنیشنل کرکٹ کی نئی سمت کا تعین کردیا،اب اس کی منظوری جمعے کو آکلینڈ میں ہی آئی سی سی بورڈ دے گا، جن اہم پوائنٹس کے بارے میں سفارشات بھیجی گئیں ان میں ٹاپ 9 ٹیسٹ ٹیموں کے درمیان چیمپئن شپ کا 2019 سے آغاز اور فائنل لارڈز میں کرانا نمایاں ہیں۔ 3 سالہ ون ڈے لیگ شروع کی جائیگی، جس میں 13 ممالک شریک ہونگے،اس کا آغاز 2020 سے ہوگا۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا، آئی سی سی اولمپکس اور کامن ویلتھ گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کے حوالے سے اپنے نفع نقصان پر غور کریگی۔ ویمنز کرکٹ کی مقبولیت میں مزید اضافے کیلیے مختلف اقدامات کی بھی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چار روزہ ٹیسٹ کی اجازت کا کوئی امکان نہیں بلکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بدستور تمام ٹیموں کے درمیان 5 روزہ مقابلے ہی منعقد ہونگے۔ چار روزہ ٹیسٹ کی تجویز انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے پیش کی گئی تھی جبکہ جنوبی افریقہ نے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے آئی سی سی سے باکسنگ ڈے کے موقع پر زمبابوے سے چار روزہ ٹیسٹ کھیلنے کی اجازت بھی مانگی ہے، ذرائع کے مطابق بطور آزمائش پروٹیز بورڈ کو یہ اجازت دی جا سکتی ہے تاہم ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کسی بھی مقابلے کو مختصر نہیں کیا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔