انتخابی قوانین کی منظوری دیدی، انتخابات وقت پر ہونگے؛ الیکشن کمیشن

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 13 اکتوبر 2017
الیکٹرونک مشینوں،بائیومیٹرک سسٹم کا استعمال تجرباتی ہو گا، پشاورضمنی الیکشن فوج کی نگرانی میں ہونگے، سیکریٹری بابر یعقوب۔ فوٹو: فائل

الیکٹرونک مشینوں،بائیومیٹرک سسٹم کا استعمال تجرباتی ہو گا، پشاورضمنی الیکشن فوج کی نگرانی میں ہونگے، سیکریٹری بابر یعقوب۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابی رولز 2017 کی منظوری دے دی، انتخابی رولز کے متعلق تجاویز یااعتراضات 15 روز میں جمع کرائے جا سکیں گے۔

گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضاکی صدارت میںکمیشن کااہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انتخابی رولز الیکشن ایکٹ2017 کے تحت تشکیل دیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے افسران نے 200 اجلاسوں میں انتخابی رولز کو حتمی شکل دی۔

چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی رولز 2017 پر افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ تمام فریقین ان رولز کو سراہیں گے۔انہوں نے رولز پر اطمینان کااظہار کیا، ان انتخابی رولز کو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کیاجائے گا۔ انتخابی رولز کے متعلق تجاویز یااعتراضات15روز میں جمع کرائے جاسکیں گے۔ الیکشن کمیشن ان اعتراضات یاتجاویز کو زیر سماعت لاکر فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ2017ء میں 8 قوانین کو یکجاکیا گیا تھا ۔الیکشن ایکٹ2017ء کے سیکشن239کے تحت الیکشن کمیشن کو رولز بنانے کا اختیار دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہاکہ نئے انتخابات ایکٹ کے تحت آئندہ عام انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے، 2018ء کے انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔