ایسا ماحول بنایا جارہا ہے کہ پاکستان غیرمستحکم ہو، طلال چودھری

ویب ڈیسک  جمعـء 13 اکتوبر 2017
احتساب عدالت میں ہنگامہ آرائی میں کوئی سیاسی کارکن یا رہنما ملوث نہیں، وزیر مملکت۔ فوٹو: فائل

احتساب عدالت میں ہنگامہ آرائی میں کوئی سیاسی کارکن یا رہنما ملوث نہیں، وزیر مملکت۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیرمملکت طلال چودھری کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت میں ہونے والی ہنگامہ آرائی میں کوئی سیاسی کارکن یا رہنما ملوث نہیں جب کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت طلال چودھری کا کہنا تھا کہ آج عدالت میں ہونے والا واقعہ افسوسناک ہے، ہنگامہ آرائی میں کسی سیاسی کارکن یا رہنما کی مداخلت نہیں تھی، واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، عدالت کی کارروائی کو بہتر بنانے کیلئے وکلا کےساتھ بیٹھیں گے اورتحقیقات کا اس لیے کہا کہ آئندہ اس قسم کے واقعات نہ ہوں۔ طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان اندھیرے سےاُجالےکی طرف جارہا تھا مگر ایسا ماحول بنایا جارہا ہے کہ پاکستان غیرمستحکم ہو، نااہلی کے فیصلے کے بعد عدم استحکام تو ہونا تھا ،نوازشریف کی نااہلی کی وجہ سے معیشت پراثرات آرہے ہیں جب کہ سی پیک خطرہ میں نظر آ رہا ہے اور سرمایہ کار پریشان ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نیب ریفرنسز میں نواز شریف، بیٹی اور داماد پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

وزیر مملکت طلال چودھری نے مزید کہا کہ رش کے باعث وکیل کو کسی وجہ سے چوٹ لگ گئی، وکیل پر تشدد کا واقعہ عدالت میں نہیں باہر سڑک پر ہوا ہے،  سب سے زیادہ ضروری عدالت کا احترام اور اس کی کارروائی ہے، سب کو ذمےداری کا احساس کرنا ہےکہ عدالت کی کارروائی میں خلل نہ پڑے۔

طلال چودھری کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت کو کارکنوں کو عزت اور احترام دینا آتا ہے، ہمارے چند ذمے داران عدالت کے اندر جاتے ہیں باقی باہر رک جاتے ہیں تاہم اس حوالے سے وکلااوربار کے ساتھ بیٹھ کر لائحہ عمل طے کریں گے.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔