عالیہ نے سدھارتھ کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 13 اکتوبر 2017
ایک دوسرے سے محبت کے دعویٰ کرنے والے سدھارتھ اور عالیہ اب ایک دوسرے کے لیے اجنبی بن گئے ہیں؛فوٹوفائل

ایک دوسرے سے محبت کے دعویٰ کرنے والے سدھارتھ اور عالیہ اب ایک دوسرے کے لیے اجنبی بن گئے ہیں؛فوٹوفائل

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنے سابق دوست سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ کام کرنے سے صاف انکار کردیا۔

فلم ’’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘‘سے کیرئیر کا آغاز کرنےو الے اداکار سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ کی دوستی کا آغاز بھی اسی فلم کے سیٹ پر ہواتھا، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں کی دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی یہاں تک کہ دونوں کی شادی افواہیں بھی میڈیا میں گردش کرنے لگیں۔ سدھارتھ نے ایک تقریب کے دوران خصوصی طور پر عالیہ کو اپنے والدین سے ملوایا تھا اس ملاقات کے بعد کہاجانے لگا تھا کہ دونوں بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں، تاہم اس رشتے کا اختتام اس وقت ہوگیا جب سدھارتھ ملہوترا اور جیکولین فرنینڈس کے درمیان بڑھتی نزدیکیوں کی خبر میڈیا پر نشر ہوئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  عالیہ اور جیکولین میں جنگ شدت اختیار کرگئی

ایک دوسرے سے محبت کا دعویٰ کرنے والے سدھارتھ اور عالیہ کے رشتے میں آنے والی دراڑ اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ دونوں اب ایک دوسرے کے لیے اجنبی بن گئے ہیں اور ایک دوسرے کی شکل تک دیکھنا گوارا نہیں کرتے، یہ لڑائی اتنی زیادہ شدت اختیار کرگئی ہے کہ عالیہ نے سدھارتھ کے ساتھ کام کرنے سے بھی صاف انکار کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ بھٹ کو سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ فلم کی پیشکش ہوئی تھی تاہم عالیہ نے یہ  کہہ کر صاف انکار کردیا کہ وہ ابھی اپنے دیگرپروجیکٹس میں مصروف ہیں اور ان کے پاس نئے پروجیکٹ کے لیے بالکل بھی وقت نہیں ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سدھارتھ ملہوتراکاعالیہ بھٹ سے تعلق ختم کرنے کا اعلان 

یہاں تک کہ انہوں نے فلمساز کے سامنے بالی ووڈ کی دیگر اداکاراؤں کے نام بھی رکھے ہیں تاکہ وہ سدھارتھ کے ساتھ فلم میں کام نہ کریں، تاہم فلمساز نے ان کا مشورہ ماننے سے انکار کردیا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ان کی فلم میں عالیہ ہی سدھارتھ کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کریں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عالیہ اپنے فیصلے پر قائم رہتی ہیں یا اپنی ناراضگی ختم کرکے سدھارتھ کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہوجاتی ہیں۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔