ہتھنی اپنے بچے کو گڑھے سے نکالتے ہوئے رونے لگی، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  منگل 17 اکتوبر 2017
ہتھنی اپنے بچے کو گڑھے سے نکالنے کے لیے مسلسل 11 گھنٹوں تک مٹی کھودتی رہی۔ فوٹو: انٹرنیٹ

ہتھنی اپنے بچے کو گڑھے سے نکالنے کے لیے مسلسل 11 گھنٹوں تک مٹی کھودتی رہی۔ فوٹو: انٹرنیٹ

پٹنہ: انسان ہو یا جانور ممتا تو سب میں ہوتی ہے، حال ہی میں ماں کی ممتا سے بھرپور ایک ایسی ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جہاں ایک ہتھنی اپنے بچے کو بچانے کے لیے مسلسل 11 گھنٹوں تک مٹی کھودتی رہی۔

بھارتی ریاست بہار کے ضلع چھاترا میں ایک ہتھنی اپنے بچے کو بچانے کے لیے مسلسل 11 گھنٹوں تک مٹی کھودتی رہی لیکن جب اپنی کوشش میں کامیاب نہ ہوسکی تو بالکل انسانوں کی طرح زور زور سے رونے لگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رات کے وقت ایک ہتھنی اپنے چھوٹے سے بچے کے ساتھ چھاترا کے علاقے میں موجود جنگلات  سے گزررہی تھی ، ہتھنی کا بچہ اندھیرا ہونے کے باعث راستے میں موجود گڑھے کو دیکھ نہ سکا اور پیر پھسلنے کی وجہ سےاس میں گرگیا، یہ دیکھ کر ہتھنی سے رہا نہ گیا اور اس نے اپنے بچے کو گڑھے سے نکالنے کے لیے مٹی کھودنی شروع کردی۔

ہتھنی مٹی کھود کریہ مٹی اپنے بچے کے اوپر ڈال رہی تھی تاکہ گڑھا بھر جائے اوراس کا بچہ باہر آجائے، مسلسل 11 گھنٹوں تک ہتھنی گڑھا کھودتی رہی لیکن اس کا بچہ باہر نہ آیا یہ دیکھ کر ہتھنی وہیں بیٹھ کر رونے لگی ، رونے کی آواز سن کر جب گاؤں والے  وہاں آئے تو ان سے ہتھنی کی حالت دیکھی نہ گئی اور انہوں نے بچے کو گڑھے سے نکال دیا۔

ممتا سے بھرپور ہتھنی کی اپنے بچے کو بچانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور لوگ ہتھنی کی کوششوں کو خوب سراہ رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔