انرجی ڈرنکس کے زیادہ استعمال سے ایک شخص برین ہیمرج کا شکار

ویب ڈیسک  اتوار 15 اکتوبر 2017
آسٹن نامی شخص نے انرجی ڈرنکس کا حد سے زیادہ استعمال شروع کردیا تھا۔ فوٹو : فائل

آسٹن نامی شخص نے انرجی ڈرنکس کا حد سے زیادہ استعمال شروع کردیا تھا۔ فوٹو : فائل

قوت بخش مشروبات (انرجی ڈرنکس) کے حد سے زیادہ استعمال سے ایک شخص برین ہیمرج کا شکار ہوگیا جس کے بعد ڈاکٹرز کو اس کی کھوپڑی کا کچھ حصہ آپریشن کرکے نکالنا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بری آنا نامی خاتون نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پراپنے شوہر آسٹن کی کہانی بیان کی جسے انرجی ڈرنکس کی لت لگ گئی تھی، وہ کام کے دوران اورسفر کرتے ہوئے تواتر کے ساتھ انرجی ڈرنکس پینے لگا تھا جو بعدازاں دماغ کی بیماری کا سبب بنا اور اسے اپنے سر کے ایک حصے سے محروم ہونا پڑا۔

بری آنا نے سوشل میڈیا پراپنی اوراپنے شوہرکی تصویر پوسٹ کی جس میں ان کے شوہر کے سرکا اگلا حصہ غائب تھا اوراس تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے بری آنا نے انکشاف کیا کہ آسٹن نے جب زیادہ وقت دفتر میں گزارنا شروع کیا تو خود کو چاک و چوبند رکھنے کی غرض سے انرجی ڈرنکس کا استعمال بڑھا دیا اور آہستہ آہستہ اسے اس کی لت لگ گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انرجی ڈرنکس کی زیادتی کی وجہ سے آسٹن کو برین ہیمرج ہوا اور ڈاکٹرز نے اس کی زندگی بچانے کے لیے سر کا آپریشن کیا جو 5 گھنٹے تک جاری رہا اور اس دوران ڈاکٹرز کو آسٹن کی کھوپڑی کا کچھ حصہ نکالنا پڑا۔

انھوں نے کہا کہ ابتداء میں وہ بیماری کی وجہ سے سے لاعلم تھیں لیکن ڈاکٹرز نے آسٹن کے برین ہیمرج کا ذمہ دار انرجی ڈرنکس کو قرار دیا۔

واضح رہے کہ بری آنا کی جانب سے اپنے شوہرکے ساتھ  سوشل میڈیا پرجاری کی گئی تصویرکو کچھ دیر بعد سوشل میڈیا سے ہٹادیا گیا اور اس جوڑے نے درخواست کی ہے کہ انٹرویو کے لیے ان سے رابطہ نہ کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔