روہنگیا مسلمانوں کی کشتی الٹنے سے 6 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 16 اکتوبر 2017
مقامی دیہاتیوں نے سمندر سے 5 لاشیں نکالیں جبکہ 21 مسافروں کو زندہ بچالیا گیا۔ فوٹو: فائل

مقامی دیہاتیوں نے سمندر سے 5 لاشیں نکالیں جبکہ 21 مسافروں کو زندہ بچالیا گیا۔ فوٹو: فائل

ڈھاکا: میانمار سے ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کی کشتی خلیج بنگال میں ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 6 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق میانمار میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والے مظالم کی وجہ سے ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کی کشتی خلیجی بنگال میں ڈوب گئی۔ یہ واقعہ بنگلا دیش کی سرحد کے قریب پیش آیا اور کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔

یہ بھی پڑھیں: برمی فوج نے میرے ڈیڑھ سالہ بچے کو زندہ جلایا، روہنگیا خاتون

پولیس کے مطابق کشتی میں 65 افراد سوار تھے اور ان میں آدھے سے زیادہ بچے تھے۔ کشتی کے مسافر بنگلہ دیش کے ضلع کاکس بازار پہنچنے کی کوشش کررہے تھے جہاں روہنگیا مسلمانوں کے لیے مہاجر کیمپ قائم لگائے گئے ہیں۔ مقامی دیہاتیوں نے سمندر سے 5 لاشیں نکالی ہیں اور 21 مسافروں کو زندہ بچالیا گیا ہے جب کہ باقی لوگوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے عرصے میں میانمار سے بنگلہ دیش ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کی کشتیاں الٹنے سے 184 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ میانمار میں مظالم کی وجہ سے 5 لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین بنگلہ دیش میں پناہ لے چکے ہیں جب کہ اقوام متحدہ نے بھی میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی کی تصدیق کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔