آئی سی سی لیگ کے لیے پاکستان نے شرط رکھ دی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 17 اکتوبر 2017
بھارت 2014 کے باہمی معاہدے کی پاسداری کرنے پر دستخط کریگا، نجم سیٹھی۔ فوٹو: فائل

بھارت 2014 کے باہمی معاہدے کی پاسداری کرنے پر دستخط کریگا، نجم سیٹھی۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے واضح کردیا ہے کہ پاکستان اسی صورت میں آئی سی سی کی ٹیسٹ اور ون ڈے لیگ پر دستخط کریگا جب بھارت ہمارے ساتھ سیریز کھیلنے کے معاہدے کی پاسداری کرے گا۔

ٹیسٹ لیگ 2019 کے عالمی کپ کے بعد شروع ہوگی، جس میں 9 ٹیمیں حصہ لیں گی اوراس میں ہر ٹیم کو 2 سال کے عرصے میں اپنے ملک اور ملک سے باہر 6 ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہونگی جبکہ ون ڈے لیگ میں 13 ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس میں ہر ٹیم کو 8 سیریز کھیلنی ہیں لیکن اس لیگ کے سلسلے میں سب سے اہم سوال یہی کیا جا رہا ہے کہ کیا یہ لیگ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کے بغیر کھیلی جائے گی؟

نجم سیٹھی نے آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے بعد ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پاکستان اسی صورت میں اس لیگ میں حصہ لینے کے لیے دستخط کرے گا جب بھارتی کرکٹ بورڈ 2014 میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی مفاہمت کی یادداشت کی پاسداری کرے گا۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں باضابطہ طور پر درخواست 2 یا 3 ماہ میں آئی سی سی کی کمیٹی کے حوالے کردی جائے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ضمن میں پہلے ہی قانونی مشاورت حاصل کر رکھی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے کھیلنے سے انکار کے بعد یہ معاملہ آئی سی سی کی تنازعات سے متعلق کمیٹی میں اٹھارکھا ہے، یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ دنوں آکلینڈ میں ہونے والے اپنے اجلاس میں ٹیسٹ اور ون ڈے لیگ کی اصولی منظوری دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔