موٹاپے پر قابو پانے کے لئے چینی یونیورسٹی کا انوکھا اقدام

ویب ڈیسک  بدھ 18 اکتوبر 2017
چینی یونیورسٹی موٹاپے کےخلاف میدان میں آگئی:فوٹو:انٹرنیٹ

چینی یونیورسٹی موٹاپے کےخلاف میدان میں آگئی:فوٹو:انٹرنیٹ

بیجنگ: چین میں موٹاپے پر قابوپانے کے لئے جیانگ سو یونیورسٹی نے انوکھا قدم اٹھاتے ہوئے وزن کم کرنے پر خصوصی نمبردینے کا فیصلہ کرلیا۔

چین میں موٹاپے پر قابوپانے کے لئے جیانگ سو یونیورسٹی نے موٹاپے کا شکار طالب علموں کو وزن کم کرنے کی جانب راغب کرنے کے لیے انہیں وزن کم کرنے پرخصوصی نمبردینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یونیورسٹی کے اس اقدام کا مقصد نوجوان طالب علموں میں تیزی سے پھیلتے ہوئے موٹاپے کو قابو میں لانا ہے۔

جیانگ سو صوبے کی نان جینگ زرعی یونیورسٹی کے لیکچرار اور اس پروگرام کے بانی ژو ہوکو نے بتایا کہ انہیں یہ خیال اس لئے آیا کہ ان کے متعدد شاگرد صرف اس لئے ورزش نہیں کرتے کیونکہ ان کے خیال میں یہ فضول کام ہے اور اس سے وزن میں کمی نہیں آسکتی۔

ژوہوکو کا کہنا ہے کہ طلبہ کے گریڈ کا 60 فیصد حصہ ان کے وزن میں کمی کے حوالے سے طے کیا جائے گا جبکہ 40 فیصد نمبر نصابی سرگرمیوں پر دیے جائیں گے۔ اس پروگرام میں حصہ لینے والے طالب علموں کے لیے ضروری ہوگا کہ اگر وہ مکمل گریڈز حاصل کرنا چاہتے ہیں تو مخصوص عرصے میں اپنا وزن 7 فیصد تک کم کرکے دکھائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2013 اور 2014 کےدوران یونیورسٹی میں 13 فیصد سے زائد طلبہ موٹاپے کا شکارتھے توقع ہے کہ نئے پروگرام سے طالب علم  اپنا وزن کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔