عمران خان کا الیکشن کمیشن پر سیاسی انتقام کا الزام، وارنٹ گرفتاری چیلنج

ویب ڈیسک  بدھ 18 اکتوبر 2017
الیکشن کمیشن نے اختیارات سے تجاوز کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے اختیارات سے تجاوز کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اپنے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے اجرا پر عدالت سے رجوع کرلیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما بابراعوان کے توسط سے عمران خان نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا 26 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں رضاکارانہ پیش ہونے کا فیصلہ

پی ٹی آئی چیرمین نے الیکشن کمیشن پر سیاسی انتقام کا الزام عائد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ  الیکشن کمیشن نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر کے میرے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی اور اختیارات سے تجاوز کیا۔  درخواست میں چیف الیکشن کمشنر اور اکبر ایس بابر کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس کے بعد عمران خان نے 26 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں رضاکارانہ طور پر پیش ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کررکھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔