پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست دیدی

ویب ڈیسک  بدھ 18 اکتوبر 2017
امام الحق ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے دوسرے بیٹسمین بن گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

امام الحق ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے دوسرے بیٹسمین بن گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

ابو ظہبی: پاکستان نے تیسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 7 وکٹ سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں  0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ 

ابوظہبی میں کھیلے گئے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے ون ڈے میں سری لنکا کی پوری ٹیم 49ویں اوورز میں 208 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی ٹیم نےمطلوبہ ہدف امام الحق کی شاندار سنچری کی بدولت  43ویں اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور ڈیبیو کرنے والے امام الحق نے 75 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم فخر زمان 29 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد پچھلے دونوں میچز کے سینچری میکر بابراعظم بیٹنگ کے لیے آئے اور امام کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے 66 رنز کی شراکت قائم کی لیکن وہ 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

امام الحق نے قومی ٹیم میں اپنی سلیکشن پر ہونے والے تنقید کا جواب پہلے ہی میچ میں نصف سنچری بناکردیا اور محمد حفیظ کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا جب کہ 89 رنز پر وہ وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے جس پر انہیں شدید مایوسی ہوئی البتہ خوش قسمتی سے کیپر وہ کیچ تھامنے میں ناکام رہے اور انہیں ایک اور موقع ملا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے امام الحق نے سنچری بنا ڈالی مگر اگلی ہی گیند پر وہ پویلین لوٹ گئے ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ محمد حفیظ 30 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

امام الحق ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے دنیا کے 13ویں اور پاکستان کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے قومی ٹیم کے سابق بیٹسمین سلیم الہیٰ کو اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل تھا۔ امام الحق کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

اس سے قبل سری لنکن کپتان تھرنگا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے ڈک ویلا اور اپل تھرنگا نے  50 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی ۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 59 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈک ویلا 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، سری لنکا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی چندیمل  تھے جو 19 رنز بنا کر 102 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے ، ان کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی  سری لنکن کپتان تھرنگا تھے جو کہ 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،کپوگیدرا 18 رنز بنا کر حسن علی کا شکار ہوگئے۔

سری وردانا بھی صرف 2 رنز بنا کر 140 کے مجموعی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے، جب کہ وندرسے بھی زیادہ دیرتک وکٹ پرنہ ٹہرسکے اور کوئی رنز بنائے بغیر حسن علی کا شکار ہوگئے۔  دیگر کھلاڑیوں میں تھرمانے نے 28  اور پریرا نے 38 قیمتی رنز بنائے تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر 5 شکار کیئے جب کہ شاداب خان نے 2 ،محمد حفیظ اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔