وزیراعظم کی ایم کیو ایم کے وفد کو وعدوں پر عمل کی یقین دہانی

ویب ڈیسک  بدھ 18 اکتوبر 2017
حکومت نے کراچی کی ترقی کے لئے ریکارڈ پیکج منظور کیا ہے، وزیراعظم۔ فوٹو : فائل

حکومت نے کراچی کی ترقی کے لئے ریکارڈ پیکج منظور کیا ہے، وزیراعظم۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت نے کراچی کی ترقی کے لئے ریکارڈ پیکج منظور کیا ہے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں کراچی اور حیدرآباد کے ترقیاتی پیکج کا جائزہ لیا گیا اور فنڈز کا اجراء ماہ رواں میں یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا  جب کہ وزیر اعظم نومبر میں حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے، ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے کے ایم سی کے حوالے سے حکومت سندھ کے عدم تعاون کی شکایت بھی کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا اقتصادی دارالخلافہ ہے جس کوامن اور خوشحالی کا گہوارہ بنانا ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔ حکومت ملک میں ہر سطح کے منتخب جمہوری اداروں کا احترام کرتی ہے، بلدیاتی اداروں کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے جس کے لئے صوبائی حکومت کی توجہ مبذول کرائی جائے گی کیونکہ شراکتی جمہوریت ہی جمہوری استحکام کی ضمانت ہے۔ حکومت نے کراچی کی ترقی کے لئے ریکارڈ پیکج منظور کیا ہے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے تمام جمہوری قوتوں کو اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنا اپنا کردار ادا کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے آئین کی بالا دستی اور جمہوری عمل کا تسلسل لازمی ہے، ملک کے تمام مسائل کا حل آئین، قانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی میں مضمر ہے اور اس ضمن میں پارلیمان کی آئینی معیاد کا احترام ضروری ہے۔

اجلاس میں کراچی کے امن کو ہر قیمت پر یقینی بنائے رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا جب کہ وزیراعظم نے وزیرِ داخلہ کو ہدایت کی کہ مقدمات کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کی شکایات کا جائزہ لیا جائے اور انصاف کے تقاضے یقینی بنائے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔