گوشوارے جمع،30 ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 19 اکتوبر 2017
نوٹیفکیشن جاری، الیکشن کمیشن نے متعلقہ اسپیکرزاورچیئرمین سینیٹ کوآگاہ کردیا
فوٹو: فائل

نوٹیفکیشن جاری، الیکشن کمیشن نے متعلقہ اسپیکرزاورچیئرمین سینیٹ کوآگاہ کردیا فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے پر30معطل ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی، الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے متعلقہ اسمبلیوں کے اسپیکرز اور چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

بحال ہونے والے ارکان میں سینیٹرز مولانا عطا الرحمن،تاج محمد آفریدی، وزیر مملکت عابد شیر علی، پارلیمانی سیکریٹری امورکشمیر چوہدری حامد حمید، محمد خان ڈاھا، ناصر اقبال بوسال، کنور نوید جمیل، عبدالرشید گوڈیل اور شہزادی عمرزادی ٹوانہ شامل ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے15ارکان، سندھ اسمبلی کی رکن روبینہ سعادت قائمخانی اور خیبرپختونخوا کے5ارکان نے بھی گوشوارے جمع کرادیے ہیں۔الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے7، پنجاب اسمبلی کے13اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے 2 ممبران کوگوشوارے جمع نہ کرانے پر متعلقہ ایوانوں کی کارروائی میں حصہ لینے پر پابندی لگادی ہے۔

ان میں قومی اسمبلی کے اراکین محمد نذیر خان، محمد جمال الدین، سردار محمد عرفان ڈوگر، سردار اویس احمد خان لغاری، میاں امتیاز احمد، سہیل منصور خواجہ اور فرحانہ قمر شامل ہیں۔اسی طرح پنجاب اسمبلی کے اراکین چوہدری طاہر احمد سندھو ایڈووکیٹ، سردار بہادر خان میکن، جعفر علی ہوچہ، شیخ اعجاز احمد، میاں طاہر، خرم عباس سیال، سید محمد محفوظ مشہدی، رانا محمد افضل، میاں مرغوب احمد، ملک احمد سعید خان، رانا طاہر شبیر، محمد ذیشان گورمانی اور ظل ہما نے تاحال اپنے اور اپنے خاندان کے افراد کے گوشواروں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔خیبر پختونخوا کے اراکین میں فضل الہٰی اور راشدہ رفعت شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔