ون ڈے سیریز میں پاکستان کی فیصلہ کن برتری

ایڈیٹوریل  جمعـء 20 اکتوبر 2017
امام الحق  ڈیبو میچ میں سنچری کرنے والے دنیا کے 13ویں بلے باز بن گئے ہیں۔فوٹو: فائل

امام الحق ڈیبو میچ میں سنچری کرنے والے دنیا کے 13ویں بلے باز بن گئے ہیں۔فوٹو: فائل

پاکستان نے ابوظہبی میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو7وکٹوں سے شکست دے کر5میچوں کی سیریزمیں 3-0سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ میچ میں پاکستان کی طرف سے ڈیبو کرنے والے اوپنر امام الحق نے جہاں سنچری اسکورکر کے ون ڈے ٹیم میں اپنی سلیکشن کو درست ثابت کیا وہی وہ ڈیبو میچ میں سنچری کرنے والے دنیا کے 13ویں اور پاکستان کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔

اس سے پہلے1995ء میں ہوم سیریز میں سلیم الہی نے سری لنکا کے ہی خلاف ڈیبو میچ میں 102رنز کیے تھے۔ میچ میں نوجوان فاسٹ بولر حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34رنز کے عوض5سری لنکن کھلاڑیوں کو پویلن کی راہ دکھائی۔وہ24میچز میں تیز ترین50وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے چوتھے بولر بن گئے ہیں۔حسن علی سے قبل یہ اعزاز وقار یونس کے پاس تھا جنہوں نے 1990ء میں 27اننگز میں50وکٹیں حاصل کیں۔یوں پاکستان نے آئی سی سی چیمپئن ٹرافی جیتنے کے بعد ایک روزہ میچوں میں اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھا ہے۔

اگر ٹیسٹ سیریز میں کنڈیشنز اور کارکردگی کے مطابق کھلاڑیوں کا انتخابات کیاجاتا ، فاسٹ بولرز کے ساتھ ساتھ اسپنرز پر انحصاراور کھلاڑیو ں کی فٹنس کا خاص خیال رکھا جاتا تو نتائج مختلف ہوتے ۔یہ پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں متحدہ عرب امارات میں پہلی اور تقریباً10سال بعد کسی ہوم ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوئی ہے۔ سری لنکا کے ہاتھوںوائٹ واش کے بعد پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے سے ساتویںپوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔بہرحال ون ڈے میچوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا‘ امید ہے کہ آیندہ میچوں میں بھی کھلاڑی ایسے ہی کھیل کا مظاہرہ کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔