(ن) لیگ کی اینٹیں نکلنا شروع ہوگئی ہیں، شیخ رشید

ویب ڈیسک  جمعـء 20 اکتوبر 2017
 بہت جلد چوہدری نثار، خواجہ سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی بھی پارٹی چھوڑ دیں گے، شیخ رشید ۔ فوٹو: فائل

بہت جلد چوہدری نثار، خواجہ سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی بھی پارٹی چھوڑ دیں گے، شیخ رشید ۔ فوٹو: فائل

 راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کی اینٹیں نکلنا شروع ہوگئی ہیں اور بہت جلد چوہدری نثار، سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی بھی پارٹی چھوڑ دیں گے۔

راولپنڈی میں لال حویلی کے باہر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ اسلام اور پاکستان ہے تو ہم ہیں ناموس رسالت کے لئے تمام مسالک کے افراد یک جاں ہیں، اگر کسی نے بھی پاکستان یا اسلام کے خلاف سازش کی تو اس کا جینا مشکل کردیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی اینٹیں نکلنا شروع ہوگئی ہیں اور بہت جلد چوہدری نثار، خواجہ سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی بھی پارٹی چھوڑ دیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شریف خاندان کوجیلوں میں ڈال کرآئی ایم ایف کا قرضہ چکایا جائے

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ کہتے تھے کہ میں اسمبلی میں نہیں آؤں گا آج وہ خود اسمبلیوں میں آنے سے ڈرتے ہیں، مجھے اسمبلی میں نہ دیکھنے کے خواہش مند ناکام ہوچکے ہیں اور میں ان کی جڑوں میں بیٹھ گیا ہوں، میں نے اکیلے ہی حدیبیہ پیپرز کا کیس لڑا اور کہا تھا کہ پاکستان اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے پاناما کیس میں سپریم کورٹ سے ثبوت اور تابوت دونوں نکلیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ملک کی اس سے زیادہ کیا بےعزتی ہوگی کہ وزیر خزانہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہے

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے 5 معزز ججز نے جان بوجھ کر گنجائش رکھی تاکہ نوازشریف اور ان کا خاندان اپنے جعلی کاغذات کا دفاع کرسکیں لیکن سپریم کورٹ نے نوازشریف کا لحاظ کیا اور وہ چورن بیچنا شروع ہوگئے، ہمارا مال کھانے والے ہی آج ہمیں آنکھیں دکھاتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے البرکہ بینک میں 33 ملین ڈالر جمع کرائے اور اس کا ایک ایک چیک نمبر موجود ہے، ایل این جی کیس میں 20 ارب روپے کی کرپشن کی گئی اور جس دن حدیبینہ پیپرز کا کیس کھل گیا تو سارا شریف خاندان پھنس جائے گا۔ نوازشریف کی صاحبزادی جب نیب عدالت پیش ہوتی ہیں تو عدالت کے قریب تمام راستے بند کردیئے جاتے ہیں انہیں ملک کے وزیراعظم سے زیادہ پروٹوکول کیوں دیا جاتا ہے، جس قوم میں غیرت ختم ہوجائے ان کے حکمران نوازشریف جیسے ہی ہوتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔