حج کرپشن میں حامد کاظمی مرکزی ملزم قرار، گرفتاری کی اجازت طلب

قیصر شیرازی  جمعـء 1 مارچ 2013
چالان چندروز میں پیش کیے جانیکاامکان، سابق وزیرکی ضمانت منسوخی کی درخواست فوٹو: فائل

چالان چندروز میں پیش کیے جانیکاامکان، سابق وزیرکی ضمانت منسوخی کی درخواست فوٹو: فائل

راولپنڈی: حج کرپشن اسکینڈل کا ایف آئی اے نے نیا چالان تیارکر لیا ہے جسے چند روزمیں اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی کی  عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

نئے چالان میں سابق وفاقی وزیرمذہبی امور علامہ حامدسعیدکاظمی،سابق ڈی جی حج مکہ راؤ شکیل، سابق جوائنٹ سیکریٹری وزارت مذہبی امورآفتاب الاسلام راجہ کو مرکزی ملزمان کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔مفرور ملزم احمد فیض کو سابق وفاقی وزیرکا مبینہ فرنٹ مین قرار دیتے ہوئے اشتہاری ملزم ڈکلیئرکیا گیا ہے۔اس مقدمے میں سابق ڈی جی حج مکہ راؤ شکیل کی  میرٹ سے ہٹ کر تعیناتی کرنے پر مزید ملزمان کو بھی شامل کیا جارہا ہے۔

نئے چالان میں سابق وفاقی وزیرکیخلاف مزید شواہد بھی شامل  کیے گئے ہیں ان کی بیٹی کی شادی کے اخراجات کو بھی چالان کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔نئے چالان کے عدالت میں پیش ہوتے ہی اس اہم ترین مقدمہ کی اب تک کی ہونے والی تمام کارروائی اور47گواہان کے ریکارڈ کیے جانے والے بیانات ختم قرار پائیںگے اور تمام ملزمان کیخلاف از سر نو فرد جرم عائدکرکے سماعت شروع کی جائے گی۔نئے چالان پر تفتیشی ٹیم میں شدید اختلافات پیدا ہوچکے ہیں۔

 

12

ایف آئی اے کے قانونی ماہرین کا موقف ہے کہ اس وقت یہ مقدمہ آخری مرحلہ میںہے اور دو تاریخوں میں مکمل ہونے والا ہے، اس آخری اسٹیج پر نیا چالان پیش کیے جانے کی صورت میںگرفتار ملزمان بھی اسٹیچوٹری گراؤنڈ پر ضمانت کے قانونی حقدار بن جائیںگے اور انکی رہائی کا راستہ ہموار ہوجائے گا۔ ایک ہی مسئلہ کے دو چالان پیش کئے جانے سے مقدمہ کمزور ہوجائے گااور ملزمان کوفائدہ پہنچے گا۔گزشتہ روز اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی افتخار احمد خان کی عدالت میں ایف آئی اے نے علامہ حامد سعیدکاظمی کی ضمانت منسوخ کرانے کیلیے باقاعدہ درخواست بھی دائرکر دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔