فلم ’’سنگھ ازکنگ‘‘ کے سیکوئل سے اکشے آؤٹ رنویر اِن

ویب ڈیسک  جمعـء 20 اکتوبر 2017
’سنگھ از کنگ کے سیکوئل کیلیے  رنویر ہی ہماری پہلی ترجیح تھے، فلم پروڈیوسر  ۔ فوٹو: فائل

’سنگھ از کنگ کے سیکوئل کیلیے رنویر ہی ہماری پہلی ترجیح تھے، فلم پروڈیوسر ۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کی ایکشن کامیڈی فلم ’’سنگھ از کنگ‘‘ کے تیسرے سیکوئل میں اکشے کمار کی جگہ رنویر سنگھ کوکاسٹ کرلیا گیا۔

بالی ووڈ میں تیزی سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے رنویر سنگھ اب ہر ہدایت کار کی چوائس بنتے جارہے ہیں اور اس کی وجہ ان کی جاندار اداکاری ہے جو ہر کردار کو بخوبی نبھاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ چند ہفتے قبل بالی ووڈ کے کامیاب ہدایت کار روہت شیٹھی نے بھی رنویر کے ساتھ ایکشن فلم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب رنویر سنگھ نے اکشے کمار کی ان کی کامیاب فلم سے ہی چھٹی کرادی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سنگھ از کنگ‘ کے دونوں سیکوئل کی کامیابی کا سہرا اکشے کمار کو دیا جاتا ہے جنہوں نے دونوں فلموں میں اپنی ادکاری سے مداحوں کو دیوانہ بنایا  تاہم اب فلم کے پروڈیوسر نے اکشے کی جگہ رنویر سنگھ کو فلم میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فلم پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ  فلم کے تیسرے سیکوئل کے لیے رنویر ہی ہماری پہلی ترجیح تھے کیوں کہ ان میں تمام خصوصیات ہیں جو کوئی بھی کردار بخوبی ادا  کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب تیسرے سیکوئل کا نام بھی ’شیر سنگھ‘ رکھا گیا جس پر رنویر سنگھ کا کہنا تھا کہ ’شیر سنگھ آرڈینری ہے لیکن کام ایکسٹرا آرڈینری کرتا ہے‘‘۔

واضح رہے رنویر سنگھ نے حال ہی میں معروف ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوتی‘‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے جس میں ان کے ساتھ شاہد کپور اور دپیکا پڈوکون مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔