سری لنکا سے ٹی 20 میچ کیلیے تیاریوں میں تیزی آگئی

اسپورٹس رپورٹر / نمائندہ خصوصی  ہفتہ 21 اکتوبر 2017
متعلقہ محکمے اپنا پلان تشکیل دیکر آئندہ اجلاس میں اس کوحتمی شکل دیدیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

متعلقہ محکمے اپنا پلان تشکیل دیکر آئندہ اجلاس میں اس کوحتمی شکل دیدیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

 لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے سری لنکا کیخلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کیلیے تیاریوں میں تیزی آگئی۔

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ  ٹیموں  کے درمیان ٹی ٹوئنٹی 20 میچزکی سیریز کے پہلے 2میچ ابوظبی ہونگے جبکہ تیسرا اورآخری میچ 29 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے اہم سمجھے جانے والے اس میچ کی تیاریوں میں تیزی آگئی،کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلیے سیکیورٹی ادارے بھی حرکت میں آگئے۔

نشتر اسپورٹس کمپلیکس  کے ایریا میں رینجرز، ایلیٹ فورس اورپنجاب پولیس سمیت حساس اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی آمدورفت شروع ہوچکی، ہرآنے جانے والی کی کڑی نگرانی جاری رہی، میدان میں تزئین و آرائش کا بیشتر کام توورلڈ الیون کیخلاف آزادی کپ سیریز کے دوران ہی مکمل کرلیا تھا، تاہم ٹوٹی کرسیاں تبدیل کرنے اور جہاں ضرورت ہو، صفائی ستھرائی پر توجہ دی جارہی ہے۔

سیکیورٹی ودیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے پنجاب حکومت کے اعلیٰ افسران نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا، میچ کے حوالے سے کمشنرلاہورعبداللہ خان سنبل کے زیرصدارت رنگ روڈ اتھارٹی کے دفتر میں جائزہ اجلاس ہوا،جس میں ڈی سی لاہور سمیر احمد سعید سمیت پولیس، ایل ڈبلیو ایم سی، لاہور پارکنگ کمپنی اور پی سی بی کے عہدیداروں نے شرکت کی جبکہ کمشنر نے میچ کے تمام تر انتظامات 27 اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے، تمام متعلقہ محکمے اپنا پلان تشکیل دیکر آئندہ اجلاس میں اس کوحتمی شکل دیدیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔