بکیزکی سرفرازاحمد کوجال میں پھنسانے کی کوشش ناکام

سلیم خالق  ہفتہ 21 اکتوبر 2017
حالات ایسے ہی رہے تو مستقبل میں نیا اسکینڈل سامنے آسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

حالات ایسے ہی رہے تو مستقبل میں نیا اسکینڈل سامنے آسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  بکیز کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو جال میں پھنسانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں کپتان سرفراز احمد کو بکیز نے جال میں پھنسانے کی کوشش کی مگرانھوں نے انکار کرتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ کو فوری رپورٹ کردی، اس سے حکام خواب غفلت سے جاگے اوربظاہر انتظامات سخت کردیے ہیں۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے گزشتہ دنوں دبئی میں خود مشاہدہ کیا کہ نئے ہوٹل میں بھی کھلاڑیوں سے مہمان ملاقات کرنے کیلیے آتے ہیں۔ وہ  بغیر کسی روک ٹوک ان سے ملاقات کرتے اور دوستوں کے ساتھ باہر گھومنے بھی جاتے ہیں، ٹیم منیجر طلعت علی زیادہ سخت منتظم نہیں، گزشتہ دنوں ان کا بیٹا بھی انگلینڈ سے آیا ہوا تھا اور وہ فارغ وقت اسی کے ساتھ گذارتے تھے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ حکام نے ماضی کی غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا، حالات اگر ایسے ہی برقرار رہے تو مستقبل میں کوئی اور اسکینڈل بھی سامنے آ سکتا ہے۔

اس حوالے سے مزید تفصیلات جاننے کیلیے جب نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین بھٹی سے رابطہ کیا تو انھوں نے کال ریسیو کرنے سے گریز کیا، دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ بورڈ کی پالیسی کے مطابق میڈیا میں پلیئر کا نام سامنے نہیں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ رواں برس دبئی میں ہی پی ایس ایل کے دوران اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا جس میں شرجیل خان اور خالد لطیف سمیت کئی کرکٹرز ملوث نکلے، معاملے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں، پی سی بی نے مسئلے کا حل ہوٹل کی تبدیلی سے نکالا، سری لنکا سے حالیہ سیریز میں قومی ٹیم  دوسرے ہوٹل میں  قیام پذیر ہے، ابوظبی میں میچز کے دوران بھی ایک گھنٹے سے زائد وقت کا سفر کر کے دبئی سے جایا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔