ہاکی پلیئر کو ہراساں کرنے کا معاملہ، ایک اور پلیئر میدان میں آگئیں

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 21 اکتوبر 2017
کسی خاتون کو ہراساں کرنے کا تصور نہیں کر سکتا،سعید سعید۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کسی خاتون کو ہراساں کرنے کا تصور نہیں کر سکتا،سعید سعید۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

 لاہور:  ہیڈ کوچ کی طرف سے خاتون ہاکی پلیئرکو ہراساں کیے جانے کا معاملہ طول پکڑ گیا، ایک اور کھلاڑی اقرا جاوید بھی کوچ سعید خان کے خلاف میدان میں آگئیں۔

ویمن ہاکی ٹیم کے کوچ سعید خان پر پلیئرز کو ہراساں کرنے کا الزام لگنے کے بعد ایک اور کھلاڑی میدان میں آگئیں ، اقرا جاوید نے بھی ساتھی کھلاڑی سیدہ سعدیہ کی حمایت کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوچ سعید خان نے سعدیہ سے دست درازی کی، وہ اس واقعے کی چشم دید گواہ ہیں، سعدیہ کا کہنا تھا کہ کوچ سعید خان نے کمرے میں لے جاکر بدتمیزی کی، پنجاب اسپورٹس بورڈ نے کوچ اور کھلاڑیوں کے درمیان معاملے کی انکوائری کے لیے 2 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

ادھر ہیڈ کوچ سعید خان نے کہا ہے کہ ہاکی پلیئر سیدہ سعدیہ کی طرف سے مجھ پر ہراساں کیے جانے کے الزام میں کوئی صداقت نہیں، میرا بے داغ ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ میں نے کبھی بھی ایسی حرکت نہیں کی ہے، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایچ ایف کی سیکریٹری تنزیلہ عامر چیمہ اور مینجر لیفٹیننٹ کرنل ( ر) احمد نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ انھوں نے ساری زندگی عزت کمائی ہے، وہ 2 دفعہ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ہاکی ٹیم کے رکن رہ چکے ہیں اور 1994کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے ہیں اور وہ کسی خاتون کو ہراساں کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے، اس الزام سے میری بہت بدنامی ہوئی ہے لیکن اللہ تعالیٰ جانتا ہے کہ میں بالکل بے گناہ ہوں۔

سعید خان نے کہا کہ اس الزام سے مجھ پر کافی دبائو ہے لیکن پھر بھی ویمن ٹیم کی تیاریوں میں کوئی کمی نہیں چھوڑی، ٹیم منیجر لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمد نواز نے کہا کہ وہ ہیڈ کوچ سعید خان کو بہت عرصے سے جانتے ہیں اور ان کے کردار پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا، سعید خان نے اپنی جوانی میں بھی ایسی حرکت نہیں کی۔

سیکریٹری پی ایچ ایف تنزیلہ عامر چیمہ نے کہا کہ سعید خان کا کردار بے داغ ہے، خاتون ہاکی پلیئر سیدہ سعدیہ کے الزام میں کوئی صداقت نہیں ہے، ان کو سپورٹ کرنے والی خاتون پلیئر اقرا جاوید کو بھی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے اور سابق اسسٹنٹ کوچ محمد عثمان اور اس سازش میں ملوث دیگر خاتون کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانے کی سفارش پی ایچ ایف کو کی گئی ہے، انھوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کھیل کی جہانگیر خانزادہ کی طرف سے اس الزام کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی سے ہم تعان کریں گے، صوبائی وزیر کھیل کو تحقیقات کا بالکل اختیار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔