کراچی میں خاتون کو ایمبولینس میں اغوا کرنے والے 4 ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اکتوبر 2017

 کراچی: پولیس نے ایمبولینس میں خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 اغواکاروں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں اورنگی ٹاؤن کے علاقے مسلم آباد میں پولیس نے خاتون کے اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ بازیاب کرائی جانے والی خاتون اورنگی ٹاؤن کی رہائشی ہے جب کہ اغوا کاروں کی شناخت ضمیر ، فراز ، محمد ابراہیم اور محمود عالم کے نام سے ہوئی۔

ملزمان خدمت خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف) کی ایمبولینس کے ذریعے خاتون کو اغوا کرکے لے جانا چاہتے تھے۔ گرفتار شدگان میں کے کے ایف کا ڈرائیور اور بوتھ انچارج شامل ہیں جب کہ ایک ملزم تاحال فرار ہے۔ بازیاب خاتون کے دیور کی مدعیت میں تھانہ پاکستان بازار میں اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تھانہ پاکستان بازار پولیس نے چاروں ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پیش کرکے 14 روز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کردی۔  پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے 27 سالہ  خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش کی تو اس نے شور شرابہ کیا جس پر اہل محلہ جمع ہوگئے اور پولیس کو طلب کرلیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر چاروں ملزمان کو گرفتار کرکے ایمبولینس قبضے میں لے لی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔