پاکستان سمیت ڈی8 ممالک مقامی کرنسی میں باہمی تجارت کریں،اردگان

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اکتوبر 2017
ترک صدر کی ڈی 8 ممالک کو مقامی کرنسی میں تجارت کی پیشکش،فوٹو:فائل

ترک صدر کی ڈی 8 ممالک کو مقامی کرنسی میں تجارت کی پیشکش،فوٹو:فائل

استنبول: ترک صدر رجب طیب اردگان نے پاکستان سمیت ڈی 8سمٹ میں شامل ممالک کو مقامی کرنسی میں تجارت کرنے کی پیشکش کردی۔

ترک میڈیا کے مطابق  استنبول میں منعقدہ ڈی 8سمٹ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طیب اردگان نے تنظیم میں شامل رکن ممالک پر زور دیا کہ ڈالرز سے جان چھڑا کر مقامی کرنسی میں لین دین کو فروغ دیا جائے۔  مقامی کرنسی میں تجارت کو ترجیح دے کر تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ بنگلا دیش، مصر، انڈونیشیاء، ایران ، ملائیشیاء، نائجیریا ، پاکستان اور ترکی پر مشتمل ڈی 8گروپ کو آپس میں تجارت مقامی کرنسی میں کرنے چاہیے اور ایسا کرنےسے معیشت پر کوئی منفی اثرات نہیں ہوں گے ۔

یہ خبر بھی پڑھیں: طیب اردگان نے جرمنی کی حکمران جماعتوں کو ترکی کا دشمن قرار دے دیا

ترک صدر نے کہا کہ اگر ڈی 8کے رکن ممالک  مقامی کرنسی میں تجارت کا راستہ اپنائیں تو یہ تنظیم کی مضبوطی کے لیے تاریخی اقدام اور تعلقات کو مستحکم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ڈی 8مقامی کرنسی کے تبادلے کا مفید اور ایک دوسرے کے لیے سہولیات کی فراہمی کا قابل اعتبار فورم ہے۔

ترک صدر نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ڈی 8کی اہمیت کو مدنظر رکھتےہوئے تنظیم کے اجلاسوں میں اپنی نمائندگی کو بڑھائیں تاکہ اس فورم  کی ترقی  کے لیے مشترکہ   جدوجہد اور بہترین حکمت عملی کے ذریعے اپنے مقاصد کو حصول ممکن بنایا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔