جرمنی میں چاقو بردار شخص کے حملے سے متعدد افراد زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اکتوبر 2017
میونخ میں مشتبہ شخص کے چاقے حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے،فوٹو:انٹرنیٹ

میونخ میں مشتبہ شخص کے چاقے حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے،فوٹو:انٹرنیٹ

میونخ: جرمنی کے جنوبی شہر میونخ میں مشتبہ شخص نے چاقو سے حملہ کرکے متعدد افراد کو زخمی کردیاہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میونخ کے مرکزی علاقے روزہنمر  سینٹرل اسکوائر پر چاقو بردار شخص نے مختلف افراد پر چاقو سے پے درپے وار کیے  اور موقع سے فرار ہوگیا، چاقو کے وار سے زخمی ہونے والے ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے جب کہ دیگر کے زخم معمولی نوعیت کے ہیں۔

پولیس نے چاقو حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کالے رنگ کی موٹرسائیکل پر سوار ہری جیکٹ پہنے 40سالہ  مشتبہ شخص نے کئی افراد کو چاقو سے نشانہ بنایا ہے جب کہ حملہ آور کی تلاش کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے ۔ چاقو حملے سے کسی شخص کی موت نہیں ہوئی البتہ ایک شخص شدید زخمی ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کاعمل جاری ہے۔پولیس نے متاثرہ افراد اور عینی شاہدین سے بیانات قلمبند کرلیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔