بلٹ پروف غلاف کعبہ کی تیاری شروع کردی گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اکتوبر 2017
خانہ کعبہ کا بلٹ اور فائر پروف غلاف تیار کیا جارہا ہے،فوٹو:فائل

خانہ کعبہ کا بلٹ اور فائر پروف غلاف تیار کیا جارہا ہے،فوٹو:فائل

مکہ مکرمہ: سعودی حکومت نے غلاف کعبہ کو آگ اور گولی سے نقصان پہنچنے سے بچانے کے لیے خصوصی اقدام کرنے کے لیے تیاری شروع کردی ہے۔

العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مکہ المکرمہ کی ام القری یونیورسٹی کے ماہرین کی ٹیم غلاف کعبہ کی تیاری کے دوران اس میں آگ اور گولی کے خلاف مزاحمت کے لئے استعمال ہونے والے کیمیائی ریشے ’’کیولر‘‘ بھی شامل کرنے پر کام شروع کردیا ہے تاکہ اسے گرمی کی تپش، شدید درجہ حرارت ، آگ اور گولی سے محفوظ بنایا جاسکے۔

غلاف کعبہ کی تیاری اور اس کی دیکھ بھال پر معمور کنگ عبدالعزیز کمپلیکس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد بن عبداللہ باجودہ کا کہنا ہے کہ جدید ترین تیکنک (نینو ٹیکنالوجی) کے ذریعے کیولر کو خالص ریشم سے بنائے گئے کپڑے کے ساتھ شامل کئے گئے مصنوعی دھاگے کے ان ریشوں میں شامل کیا جائے گا جو غلاف کعبہ کو پھٹنے یا کٹنے سے روکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برسوں کے دوران گرمی کی شدت بتدریج بڑھ سکتی ہے اسی وجہ سے غلاف کعبہ کو بلٹ اور فائر پروف بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غلاف کعبہ 6 ملین ڈالر کی لاگت سے 2 ماہ میں تیار ہوتا ہے

واضح رہے کہ غلاف کعبہ کو کسوہ کہاجاتا ہے اور اسے ریشم سے تیار کیا جاتا ہے اور اس پر سونے اور چاندی کے تاروں سے قرانی آیات کندہ کی جاتی ہیں۔ غلاف کی تیاری میں استعمال کیا جانے والا ریشم  اٹلی سونے اور چاندی کی تاریں جرمنی سے آتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔