لاہور میں ’’کیوں نکالامجھے‘‘ کی نمبر پلیٹ والی گاڑی پر جرمانہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اکتوبر 2017
کارروائی کے دوران موقع پر دلچسپ صورتحال بنی رہی اور وہاں موجود شہری ’’مجھے کیوں نکالا ‘‘ کے نعرے لگاتے رہے ۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

کارروائی کے دوران موقع پر دلچسپ صورتحال بنی رہی اور وہاں موجود شہری ’’مجھے کیوں نکالا ‘‘ کے نعرے لگاتے رہے ۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

 لاہور: ٹریفک وارڈن نے ایک گاڑی پر لگی ’’کیوں نکالا مجھے‘‘ کی غیر نمونہ نمبر پلیٹ پر 300 روپے کا چالان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں ٹریفک وارڈن مدثر اقبال نے ڈیوٹی کے دوران ایک گاڑی LEF:6811 کو روکا، گاڑی پر اصل نمبر پلیٹ کی جگہ ’’کیوں نکالا مجھے‘‘ کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، وارڈن نے گاڑی کے مالک ابرار احمد پر ٹریفک قوانین کوڈ نمبر 24 پر عمل درآمد کرتے ہوئے 300 روپے کا چالان کاٹ دیا اور غیر نمونہ نمبر پلیٹ بھی اتارلی گئی۔

وارڈن نے چالان چٹ پر لکھا ہے کہ مزکورہ گاڑی پر نمبر پلیٹ نہیں بلکہ لکھا ہے کہ ’’کیوں نکالا مجھے‘‘ شہری چالان چٹ لیکر موقع سے چلا گیا، غیر مصدقہ نمبر پلیٹ پر کارروائی کے دوران موقع پر دلچسپ صورتحال بنی رہی، شہریوں کی ایک کثیر تعداد موقع پر اکٹھی ہوگئی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ کو دیکھ کر اونچی اونچی آواز میں ’’مجھے کیوں نکالا ‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔