سری لنکن اسٹارز کا لاہور کے افق پر جگمگانے سے انکار

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 22 اکتوبر 2017
آخری ٹی 20کھیلنے والے اسکواڈ میں 9 تبدیلیاں، مالنگا ٹور پر تیار نہ ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی

آخری ٹی 20کھیلنے والے اسکواڈ میں 9 تبدیلیاں، مالنگا ٹور پر تیار نہ ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی

کولمبو: سری لنکا نے پاکستان سے 3 ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیا جب کہ اسٹارز نے لاہور کے افق پر جگمانے سے انکار کردیا۔

سری لنکن چیف سلیکٹر گریم لبروئے نے چند روز پہلے واضح کیا تھا کہ پاکستان سے ٹوئنٹی 20سیریز کیلیے صرف ان پلیئرز کو ہی منتخب کیا جائے گا جو لاہور میں شیڈول تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ کھیلنے کو بھی راضی ہوں گے، اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ زیادہ تر اہم کھلاڑیوں نے لاہور میں کھیلنے کے حوالے سے عدم دستیابی ظاہر کردی، جس پر سلیکٹرز کو اس اہم سیریز کیلیے زیادہ تر غیرمعروف کرکٹرز پر انحصار کرنا پڑا.

کپتان اپل تھارنگا بھی پاکستان کا دورہ کرنے پر راضی نہیں تھے جس کی وجہ سے سیریز کیلیے قیادت کی ذمہ داری تھشارا پریرا کو سونپی گئی، سری لنکا نے ستمبر میں جو آخری ٹوئنٹی 20 میچ بھارت سے کھیلا تھا اس کے اسکواڈ میں مجموعی طور پر 9 تبدیلیاں ہوئی ہیں۔

تھارنگا کے ہمراہ اکیلا دھنن جایا، نروشن ڈیکویلا، لسیتھ مالنگا، سورنگا لکمل، انجیلو میتھیوز، ملندا سری وردانا،لاہیرو تھریمانے اور وانندو ہاسارنگا کو بھی منتخب نہیں کیا گیا، چمیرا کاپو گدیرا نے بھی عدم دستیابی ظاہر کی۔ میتھیوز پنڈلی کی انجری کے باعث پاکستان سے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

اسکواڈ میں اوپننگ بیٹسمین دنوشکا گوناتھلاکا کی واپسی ہوئی، ان پر ڈسپلنری خلاف ورزی کی وجہ سے 6 محدود اوورز کے میچز کی پابندی عائد ہوئی تھی، اس وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز نہیں کھیل پائے تھے تاہم سزاکو بعد میں 3 میچز تک محدود کردیا گیا تھا۔

اسکواڈ میں 22 سالہ سادیرا سمارا وکرما بھی موجود ہیں، جنھوں نے پاکستان کے خلاف جاری سیریز میں ہی ٹیسٹ اور ون ڈے کیپ حاصل کی ہے، اسی طرح ایک اور نئے کھلاڑی منود بھنوکا کو بھی منتخب کیا گیا جنھوں نے ابھی تک انٹرنیشنل کرکٹ کا مزہ نہیں چکھا۔ سری لنکا نے آف اسپنر مہیلا اداوتے کو بھی طلب کیا جنھوں نے 8 برس سے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔

آل راؤنڈر ڈاسن شناکا پاکستان سے سیریز کیلیے ویسٹ انڈیزسے آئیں گے وہاں وہ اے ٹیم کے ساتھ موجود تھے، انھوں نے جاری چار روزہ میچ میں 102 اور 60 رنز اسکور کرکے فارم کی جھلک دکھائی ہے۔ ہیڈ کوچ نک پوتھاس اور فزیو بالا سنگھم بھی ٹوئنٹی 20 سیریز سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

اسکواڈ میں کپتان تھشارا پریرا، دلشان موناویرا، دنوشکا گوناتھلاکا، سادیرا سماراوکرما، ایشان پریانجان، مہیلا ادا وتے، ڈاسن شناکا، منود بھنوکا (وکٹ کیپر)، ساچیتھ پاتھیرانا، وکوم سنجایا، لاہیرو گامگے، سیکوگے پرسنا، وشوا فرنانڈو، اسورو ادانا، جیفری وینڈرسے اور چھاتورنگا ڈی سلوا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکاکے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول ہے، یہ 8سال بعد پاکستانی سرزمین پر آئی لینڈرز کا پہلا انٹرنیشنل میچ ہوگا۔ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے،اب سری لنکا پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی صف اول کی ٹیم ہو گی، اس سے قبل زمبابوین سائیڈ2015 میں لاہور میں محددو اوورز کے میچز کھیل چکی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔