شاہد خاقان عباسی جنگی ہیلی کاپٹر اڑانے والے پہلے وزیراعظم بن گئے

ویب ڈیسک  اتوار 22 اکتوبر 2017

استنبول: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترکی کے جنگی ہیلی کاپٹر ٹی 129 کو اڑا کر تجرباتی پرواز کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترک ہیلی کاپٹر ٹی 129 کی اڑان بھر کر پاکستانی تاریخ میں اپنا نام سنہرے حروف میں لکھوا دیا ہے۔ وزیراعظم نے ترک ہیلی کاپٹر پر تجرباتی پرواز کی اور ترکی کی دفاعی پیداواری صنعت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی میدان میں کامیابیوں پر رجب طیب اردوان حکومت مباکباد کی مستحق ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی ایف 16 میں بیٹھ کرمشقوں کا جائزہ لینے والے پہلے وزیراعظم

وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ ٹی 129 ہیلی کاپٹر کی خریداری کے حوالے سے ترک حکام سے بات چیت جاری ہے اور پاک فوج بھی ہیلی کاپٹر کی خریداری کا جائزہ لے رہی ہے۔ ترک حکام نے بتایا کہ ٹی 129 کم وزن کا جنگی ہیلی کاپٹر ہے جو میزائل اور گنز سے لیس ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایف 16 جنگی طیارے میں فائٹرپائلٹ کی پچھلی نشست رئیرکاک پٹ میں بیٹھ کر فوجی مشقوں کا جائزہ لیا تھا اور وہ ملکی تاریخ کے پہلے وزیراعظم بن گئے جنہوں نے جہاز میں بیٹھ کر فوجی مشق میں شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔