عمران خان کو درگاہ لال شہباز قلندر پر جانے سے روک دیا گیا

ویب ڈیسک  اتوار 22 اکتوبر 2017
مزار کے دروزاے بند کروا کر صوبائی حکومت نے سندھ کی روایات کی دھجیاں بکھیر دی،شاہ محمودقریشی فوٹو:پی ٹی آئی سوشل میڈیا

مزار کے دروزاے بند کروا کر صوبائی حکومت نے سندھ کی روایات کی دھجیاں بکھیر دی،شاہ محمودقریشی فوٹو:پی ٹی آئی سوشل میڈیا

سیہون شریف: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو پارٹی کے دیگر رہنماؤں سمیت درگاہ لال شہباز قلندر پر جانے سے روک دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان ، وائس چیرمین شاہ محمود قریشی اور دیگر ساتھوں سمیت درگاہ لال شہباز قلندر پر حاضری دینے کے لیے پہنچے تو مزار کی انتظامیہ نے   انہیں اندر جانے سے روک دیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ نوازشریف کی وکٹ گرگئی اب زرداری کی باری ہے، عمران خان

دوسری جانب شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ درگاہ کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے لیکن جب یہاں سانحہ ہوا تو تب دروازے بند کیے اور آج ہماری آمد پر دروازے بند کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ  قلندر کا آستانہ ہے یہاں جو مراد لے کر آتے ہیں دروازہ کھلا ہوتا ہے لیکن ہمارے آنے سے پہلے سندھ حکومت نے گیٹ بند کرا دیئے،  ہمیں درگاہ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے روکا۔

وائس چیرمین نے کہا کہ سندھ حکومت مزار کے دروازے کس طرح ہم پر بند کر سکتی ہے جب کہ اس حرکت سے  صوبائی حکومت نے سندھ کی روایات کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مزار پر حاضری اور دعا کے لئے آئے تھے لیکن ان کو درگاہ کے اندر نہیں جانے دیا گیا یہ قابل مذمت عمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔